لاہور (اپنے نمائندے سے) سیکرٹر ی اوقاف کی طرف سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، گزشتہ 10 سال سے محکمے میں کنٹریکٹ پر سکیل 16 میں مختلف ذمہ داریاں ادا کرنیوالے ملازمین کو بیروزگارکرنے سمیت تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنے کے احکامات، محکمے کے ریگولر ملازمین کو کنٹریکٹ ملازمین کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، متاثرہ ملازمین کی طرف سے سیکرٹری اوقاف کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے تحریری درخواست اور تنخواہوں کی ادائیگی کی استدعا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب و مذہبی امور میں گزشتہ 10 سال سے سکیل 16 کی مختلف نوعیت کی ذمہ داریوں پر کنٹریکٹ ملازمین سے خدمات لی جا رہی تھیں جن میں اکاﺅنٹنٹ، ایڈیٹر اور اسسٹنٹ شامل ہیں۔ اب ان افراد کو سیکرٹری اوقاف کی جانب سے کنٹریکٹ میں مزید توسیع دینے کی بجائے ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے جس پر کنٹریکٹ ملازمین کی طرف سے عدالت میں رٹ پٹیشن نمبری 10558/2023 دائر کردی گئی ہے تاہم اسکے فیصلے سے قبل ہی سیکرٹری اوقاف کی جانب سے انکو بیروز گار کرتے ہوئے انکی ذمہ داریاں محکمے کے مستقل ملازمین کو 15 مئی 2024ءکو سونپ دی گئیں جن میں دو ایڈیٹرز نعیم اقبال اور عثمان جبکہ چار اکاﺅنٹنٹ گلزار حسین، فیاض حسین، کاشف جعفری، محمد اعظم اور چار معاون ذیشان، امان اللہ، سلطان قاسم اور سید عتیق شاہ شامل ہیں جبکہ کنٹریکٹ ملازمین جن کو ملازمت سے فارغ کیا گیا ان میں حافظ تنظیم حیات، سید بابر علی شاہ، رون ضیائ، عقیلہ زیدی، فرح کنول، احسن اسلام و دیگر شامل ہیں۔ ان افراد کی جانب سے 6 مئی کو سیکرٹری اوقاف کو تحریری درخواست دی گئی تھی کہ انکا کیس عدالت میں چل رہا ہے اور حکم امتناعی بھی جاری ہے جس میں عدالت کی طرف سے رٹ پٹیشن نمبری 10558/2023 پر 19 اپریل 2024ءکو احکامات جاری کئے گئے تھے کہ آئندہ تاریخ تک ان ملازمین کیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کی جائے لیکن اوقاف انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انکو تنخواہوں کی ادائیگی روکتے ہوئے نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ متاثرہ ملازمین کی جانب سے سیکرٹری کو دی جانے والی تحریری درخواست میں لکھا کیا گیا ہے کہ انکو بیروز گار نہ کیا جائے اور تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے تاکہ مہنگائی کے حالات میں وہ اپنی فیملی کی ضروریات زندگی پوری کرسکیں۔ متاثرہ ملازمین کی طرف سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلہ آنے تک انکو بیروزگار نہ کیا جائے لیکن سیکرٹری اوقاف کی طرف سے ان ملازمین کو حکم اتناعی کے باوجود ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے جو کہ عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس سلسلے میں ترجمان اوقاف سے متعدد مرتبہ موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا لیکن ان سے بات نہ ہوسکی۔
سیکرٹری اوقاف کی توہین عدالت،سکیل 16 کے کنٹریکٹ ملازمین ملازمت سے فارغ

















