1500ارب کے نئے ٹیکس،آئی ایم ایف نے بجٹ تجاویز تھمادیں

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان جی ایس ٹی 19فیصد ،100اشیاءپر چھوٹ ختم،1500ارب کے نئے ٹیکس لگائے، آئی ایم ایف نے نئے قرض پروگرام کےلئے بجٹ تجاویز کا مسودہ حکام کےساتھ شیئر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم نے نئے قرض پروگرام کیلئے عائد کردہ شرائط کے تناظر میں اگلے مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری کو حتمی شکل دینا شروع کردی،بجٹ میں آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1290 ارب مقرر کرنے کی تجویز ہے جبکہ ایف بی آر ہدف 1250 ارب مقرر کرنے کاخواہاں ہے،بجٹ سازی پر آئی ایم ایف کےساتھ جاری آن لائن رابطوں اور ورچوئل ملاقاتوں میں معاملات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

آئی ایم ایف نے شیئرکی گئی تجاویز میںجی ایس ٹی 19فیصد ،100اشیا پر چھوٹ ختم کرنے اور1500ارب کے نئے ٹیکس لگانے کامطالبہ کردیا،عالمی مالیاتی فنڈنے زیادہ آمدنی والے طبقے کےلئے ٹیکس شرح بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ شرح 30 سے بڑھا کر 40 فیصد کرنے ،سرکاری ملازمین کیلئے ٹیکس سلیبز کی تعداد 7سے کم کرکے 4کرنے کی تجویز بھی دےدی۔

بجٹ تجاویز میں کہا گیاتمام زیرو ریٹنگ سے متعلقہ سیلز ٹیکس ایکٹ سے پانچواں شیڈول ختم سوائے برآمدات کے دیگرتمام اشیا ءکو معیاری شرح جی ایس ٹی میں لایاجائے،چھٹے شیڈول میں غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم ،ٹیکسوں کی رعایتی شرح کو غذائی اشیاء،صحت و تعلیم اورضروری اشیاءتک محدود رکھاجائے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے کہابجٹ سازی اب حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی،پاکستان آئی ایم ایف کےساتھ نئے پروگرام کیلئے مذاکرات کررہا ہے توقع ہے حکومت آئندہ بجٹ میں طے شدہ شرائط کو نافذ کرے گی تاکہ بجٹ کی منظوری کے بعد سٹاف لیول ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کا راستہ ہموار ہو سکے اور پاکستان کو 3سالہ نیا قرض پروگرام مل سکے۔

دوسری جانب آئندہ بجٹ کےلئے سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن جہانزیب خان کی زیر صدارت ہوا،وفاق اور صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 2709 ارب مختص کرنے کی تجویز دےدی گئی، ایس ڈی جیز کےلئے کوئی رقم مختص نہیں ۔

علاوہ ازیں بجٹ سازی کیلئے ڈالر کی قیمت کا295روپے تعین کردیا گیا،ذرائع وزارت خزانہ نے کہارواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال ڈالر ریٹ میں 10 روپے اضافے کا تخمینہ ہے،آئندہ مالی سال مہنگائی بھی بڑھے گی،عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی ڈیمانڈ میں اضافہ اور زیادہ زرمبادلہ حاصل ہوگا،ڈویلپمنٹ سپینڈنگ میں فارن کرنسی، پٹرولیم پراڈکٹس پر روپے کی قدر میں کمی کا اثر پڑے گا، درآمدی اشیاءمہنگی ہونے سے ڈیمانڈ میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ کم ہو سکے گا، ڈالر ریٹ تعین کرنے کا مقصد بیرونی امداد، ادائیگیوں اور قرضوں کا تخمینہ روپوں میں لگانا ہے۔