عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کاپسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کیلئے شہر کا دورہ، ہائی سٹریٹ، علامہ اقبال روڈ، فتح شیر روڈ اور کالج روڈ پر جاری کام کا جائزہ لیا، تمام کاموں کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی پریشانی جلد دور ہو سکے،کمشنر کی ہدایت۔ دورے کے دوران ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق اور سٹی منیجر پسپ اسجد علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مشن چوک میں گرلز کالج روڈ کے طرف دونوں سلپ روڈز کو مزید کشادہ کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ ہائی سٹریٹ کی خوبصورتی کیلئے ٹف ٹائل ،سیوریج ڈیرنز اور دوسرے کام جلد مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے فرید ٹاﺅن روڈپر جاری سیوریج پائپ لائن کے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کالج روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کے دوران درختوں کو ہرصورت بچایا جائے۔ سٹی منیجر پسپ محمداسجد علی نے بتایا کہ فریدٹاﺅن روڈ پر 480 میں 314پائپ ڈالے جا چکے ہیں جو کل کام کا 65فیصد ہے۔ توقع ہے کہ کالج چوک تک سیوریج لائن دو ہفتوں میں مکمل کر لی جائیگی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پائپ لائن ڈالنے کے بعد سڑک کی بحالی شروع کرنے اور مڈھالی روڈ پر پانی کامسلسل چھڑکاو کرنے کی بھی ہدایت کی۔