پی ٹی آئی عدالت کو اسٹیبلشمنٹ اور حکومت سے لڑا کر اپنا راستہ بنانا چاہتی ہے،احسن اقبال

نارووال:(بیورورپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے 2018میں کھیلے گئے ناٹک نے معیشت کابیڑہ غرق کردیا،نااہل سیاستدان کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہااناڑی کو دھاندلی کے ذریعے ملک کی چابیاں دی گئیں، نوازشریف کو نااہل ،معیشت کا ستیاناس ،بیڑا غرق کردیا گیا، سی پیک جیسا منصوبہ چھن گیا، انتقام کی آگ میں جلتے ہوئے مجھے بھی جیل میں ڈالا گیا،قرضوں کی ادائیگی 8ہزار ارب ہے، قرضے ادا کرنے کیلئے ایک ہزار ارب ادھار لینے کی ضرورت ہے، اڈیالہ جیل میں بیٹھا قرضے چھوڑ کر گیا،سزا 24کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا2011میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دینے کا سلسلہ شروع کیا، لیپ ٹا پ دینے پر ایک سیاستدان نے مذاق اڑایا، تقریبا ً 10لاکھ لیپ ٹاپس نوجوانوں کو دیئے،نوجوانوں کی بڑی تعداد ای لانسرز بن گئی ، نوجوانوں نے لیپ ٹاپس کے ذریعے آئی ٹی سکلز کو سیکھا، پوری دنیا میں پاکستان تیسرا بڑا ای لانسنگ کرنےوالا ملک ہے، لیپ ٹاپس دیتے ہوئے نہیں سوچا کون ووٹر اور کون نہیں ،لیپ ٹاپس میرٹ و حق پر دیئے ، ہمیشہ سے سوچ رکھتے ہیں ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ملک کے نوجوان ہیں، نوجوانوں میں انتشار ،محاذ آرائی کے کلچرکو فروغ نہیں دیا، بہترین تربیت کے مواقع فراہم کیے

احسن اقبال نے کہاپی ٹی آئی عدالت کو اسٹیبلشمنٹ اور حکومت سے لڑا کر اپنا راستہ بنانا چاہتی ہے،پاکستان کی سمت درست، معیشت ترقی کی طرف گامزن ہو رہی ہے، سٹاک مارکیٹ کا 76 ہزار انڈیکس کراس کرنابیرونی و اندرونی سرمایہ کاروں کو حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے،5سالوں میں معاشی بحالی کے سفر کو محاذ آرائی کی سیاست سے بچائیں،ملک ترقی کرے گا تو 24 کروڑ عوام کا بھلا ہو گا،پی ٹی آئی قیادت سڑکوں کو چھوڑ کر ایوانوں میں آئے اور2029 تک انتظار کرے،دروازے بامقصد بامعنی مذاکرات کےلئے تمام جماعتوں کےلئے کھلے ہیں۔