وفاقی ،صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ پنجاب کا شیئر دیکھ کر کرینگے،گیلانی


لاہور: (سٹاف رپورٹر) قائمقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پیپلز پارٹی وفاقی ،صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ پنجاب کا شیئر دیکھ کر کرے گی، پنجاب میں مناسب سپیس دی گئی تو پھر کابینہ میں شامل ہونے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کریں گے،پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام چاہتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں کی طرف سے والہانہ استقبال کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا ہتک عزت بل پر بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات ہوئی ،چاہتے ہیں صحافیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے،قبل ازیں قائم مقام صدر کا ڈیفنس میں اپنی رہائشگاہ آمد کے موقع پر جیالوں نے بینڈ باجے سے استقبال کیا۔

دریں اثنا ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ و دیگر اہم سیاسی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا آئندہ بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے،معاشی خوشحالی سیاسی استحکام سے منسلک ہے، معاشی استحکام کے بغیر عوام کی حالت بہتر نہیں ہو سکتی، قومی مسائل کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لانے کی ضرورت ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کےساتھ ملکر ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کریں گے۔

قائم مقام صدر نے عوامی خدمت کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بڑے پیمانے پر لوگ مستفید ہو رہے ہیں ،مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔