وزیر آباد:اوباش ملزمان کابھٹہ کے بزرگ مالک پر اغوا کے بعدبہیمانہ تشدد

وزیرآباد:(شیخ محمد علی) اوباش ملزمان نے ظلم کی انتہا کر دی،مقامی بھٹہ خشت کے بزرگ مالک کو ملزمان نے اغوا کر کے بے دردی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا،ملزمان معمر شہری کے منہ میں سیوریج کا گندہ پانی ڈالتے رہے اور مردہ سمجھ کر بھنگڑے ڈالنے کے بعد فرار ہو گئے، ضعیف شخص کو مقامی افراد نے ہسپتا ل منتقل کردیا، تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔


وزیرآباد کے نواحی علاقہ جگنہ چٹھہ میں قریبی گاوں کے بگڑے رئیس زادوں نے معمر شخص کے ساتھ ظلم کی انتہا کر دی،جگنہ چٹھہ میں واقع بھٹہ خشت کے بزرگ مالک طاہر نوید کو قریبی گاوں موہلنکے کے رہائشی ملزمان احسن بشیر،بشیر احمد،علی عرف کے ٹو،علی عباس،علی رضا،ثاقب علی اور تیمور نامی نوجوانوں نے اپنے دیگر 7 سے 8 ساتھیوں کے ہمراہ بھٹہ خشت کے دفتر سے اغوا کیا اور قریبی گاوں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے بھٹہ خشت کے دفتر میں موجود معمر شہری طاہر نوید سے ساڑھے سات لاکھ روپے نقدی،3 لاکھ 50 ہزار کا چیک،موبائل فون اور دیگر وہاں بیٹھے افراد سے بھی رقوم و موبائل فون چھین لیے ملزمان ضعیف شہری طاہر نوید کو اپنے گاوں لے جا کر تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور برہنہ کر کے مارتے رہے مردہ سمجھ کر ملزمان نے معمر شہری کو جوتے بھی مارے اور منہ میں سیوریج نالے کا گندہ پانی بھی ڈالتے رہے واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دکھایا گیا کہ ملزمان نے کس قدر بے دردی کا مظاہرہ کیا اور بزرگ شہری پر ظلم کی انتہا کر دی ملزمان بزرگ شہری کو مردہ سمجھ کر چلے گئے بعد ازاں مقامی افراد نے طاہر نویدکوشدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں بزرگ شہری کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے پولیس نے شہری طاہر نوید کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ سی پی او گوجرانوالہ ایاز سلیم نے واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی سول لائن بلال سلہری کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دے دی جو واقعہ کی بابت مکمل انکوائری کرے گی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تشدد کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔