فارم 45کے ہوتے نئے الیکشن کی ضرورت نہیں،عوامی مینڈیٹ کو بحال کیاجائے،حافظ نعیم الرحمن
لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے فارم 45کے ہوتے نئے الیکشن کی ضرورت نہیں، جوڈیشل کمیشن بنے، عوامی مینڈیٹ بحال ہو، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، دبئی لیکس کو دبایا جارہا ہے، ملوث افراد منی ٹریل دیں، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن جواب طلبی کرے، کونسا اخلاقی جواز ہے حکمران ٹولہ خود باہر دولت بھیجے اور ملک میں سرمایہ کاری کے بھاشن دے۔
منصورہ میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا پی ٹی آئی رہنما روف حسن پر حملے کی مذمت کرتے ہیں ایسے حربے ملک کےلئے نقصان دہ ہیں، سب کو آئینی پوزیشن پر واپس آنا پڑے گا، چادر چاردیواری کا تحفظ بحال ہونا چاہیے، اسلام آباد میں غزہ کیمپ پر حملے اور 2افراد کی شہادت میں ملوث شخص و واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، فلسطین میں جاری مظالم کےخلاف جاندارانہ موقف اپنانا پاکستان کی ذمہ داری ہے، حکومت حماس کو اہل فلسطین کی جمہوری و نمائندہ تنظیم کے طور پر تسلیم کرے۔
حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب میں تعلیم کی پرائیویٹائزیشن کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا شہریوں کو تعلیم، صحت و دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی آئین کے تحت ریاست کی ذمہ داری ہے، ن لیگ 40برس سے حکومت میں ہے جواب دے ایجوکیشن سیکٹر کی بہتری کیلئے کیا کام کیا، سندھ میں بھی سرکاری سکولوں کا برا حال ہے، صوبہ میں بھتے، قبضے جاری، ڈاکو راج قائم ہے، سندھ کے کرپٹ سسٹم چلانے والوں کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا، چچا ، بھتیجی کسانوں سے گندم خریدنے کا وعدہ کرکے مکر گئے، سکولوں سے جان چھڑائی جارہی ہے،اب طبقاتی نظام تعلیم کو مزید پروان چڑھایا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت کبھی بہتر نہیں ہوگی، سامراج کی نظر ملک کے ایٹمی پروگرام پر ہے،حکمرانوں نے آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدے کیے اوربجلی ٹیرف کو آسمان پر پہنچا دیا،70فیصد سے زائد آئی پی پیز کمپنیوں کے مالکا ن پاکستان کی حکمران اشرافیہ ہے، غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ،ظالمانہ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔
دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملاقات کی،ملاقات کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا صحافتی تنظیموں کےساتھ ملکر حکومت کو ہتک عزت بل واپس لینے پر مجبور کریں گے، حکومت 4 قانون لاگو کر کے کامیاب نہ ہوئی تو پانچواں قانون لے آئی،جماعت اسلامی آزادی اظہار رائے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ہتک عزت بل مسترد کرتی ہے، حکومت کی مرضی کا قانون قبول نہیں،حکومت نے بل واپس نہ لیا تو بڑی غلطی ہو گی، غلطی کی اصلاح ہو سکتی ہے لیکن ایسا قانون قبول نہیں ۔

















