لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ فرض کی راہ میں سینوں پر گولیاں کھانے والے اوربازو، ٹانگ اور دیگر اعضا کی قربانی دینے والے بہادر غازی افسران وا ہلکار محکمہ پولیس کے ہیروز ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ان بہادر افسران و جوانوں کی بے مثال خدمات، بلند عزم و ہمت اور حوصلے کا نعم البدل کوئی چیز نہیں ہوسکتی، محکمہ پولیس اپنے ان بہادر بیٹوں کے بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ غازی افسران و اہلکاروں کے نام سنٹرل پولیس آفس کی غازی وال پر کندہ کئے جا رہے ہیں، غازی پیکیج کی سہولیات دی جارہی ہیں، ان افسران و اہلکاروں کی عزت و تکریم اور حوصلہ افزائی کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں غازیوں افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کیا۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب کی ہدایت پر فصلوں کی باقیات جلا کر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے ملزمان کے خلاف پنجاب پولیس کا کریک ڈاو¿ن جاری ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 16 مقدمات درج کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے پر مجموعی طور پر 139 مقدمات درج کرتے ہوئے 109 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، صوبائی دارالحکومت میں 4 مقدمات درج کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ احمد نگر گوجرانوالہ کی حدود میں ملزمان کے شہری کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے انسانیت سوز سلوک، تشدد میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ٹریننگ اداروں میں غیر نصابی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں 3 روزہ سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، ان مقابلوں میں صوبے کی مختلف رینجز اور اضلاع سے پولیس اتھیلیٹس مقابلوں میں آمنے سامنے ہیں۔ کرکٹ، بیڈ منٹن اور رسہ کشی سمیت دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، خواتین اہلکاروں کے درمیان دوڑ کا مقابلہ بھی ہوا۔کمانڈنٹ چوہنگ کالج لاہور ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہاکہ سپورٹس گالا کے آخری روز مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے اور اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔
فرض کی راہ میں اعضاءکی قربانی دینے والے بہادر غازی ہمارے ہیروز ہیں :آئی جی پنجاب
















