اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، فائرنگ سے ریٹائرڈ سب انسپکٹر بھی شہید

اوکاڑہ (شہروز علی)اوکاڑہ میں دن دیہاڑے پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے ایک ریٹائرڈ سب انسپکٹر شہید ہوگیا۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو، ایس پی ملک داﺅد اور تھانہ بی ڈویژن کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈولفن پولیس کے اہلکار تھانہ بی ڈویژن کی حدود بستی مہر دین کے قریب ڈیوٹی کر رہے تھے کہ ڈولفن پولیس نے ایک مشکوک موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش کی لیکن موٹر سائیکل سوار رکنے کی بجائے فرار ہونے لگے۔ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے انکا تعاقب کیا تو ڈاکو پولیس کے ریٹائرڈ سب انسپکٹر راﺅ شاہد کے گھر میں گھس گئے اور ڈاکو¶ں نے اسلحہ کے زور پر ریٹائرڈ سب انسپکٹر کے بچوں سمیت اہل خانہ کو یرغمال بنالیا۔ ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے وائرلیس چلا دی جس پرڈی پی او طارق عزیز، ایس پی ملک داﺅد اور تھانہ بی ڈویژن کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیر لیا، ڈاکوﺅں اور پولیس میں مورچہ بند فائرنگ ہوتی رہی، اس دوران ڈاکوﺅں کے ہاتھوں یرغمال ریٹائرڈ سب انسپکٹر راﺅ شاہد نے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا اور اسکے مکان سے بھاگ نکلنے کی کوشش کی۔ ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہورہے تھے کہ پولیس سے کراس فائرنگ میں دونوں ہلاک ہوگئے۔ زخمی ریٹائرڈ سب انسپکٹر کو ہسپتال لےجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی شہید ہوگیا۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو دیگر پولیس افسران کے ہمراہ پولیس مقابلے کی نگرانی کرتے رہے۔ وہ شہید ہونے والے ریٹائرڈ سب انسپکٹر راﺅ شاہد کے اہل خانہ سے ملے اور ان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شہید نے ڈاکوﺅں سے مقابلہ کرکے محکمے کا سرفخر سے بلند کردیا ہے، وہ ہمارے ہیرو ہیں۔ ہلاک ڈاکوﺅں کی شناخت انتہائی خطرناک نوید ولد سردار قوم ماچھی سکنہ 54 ٹو ایل اوکاڑہ اور ارشاد ولد لیاقت قوم ماچھی سکنہ 16/4-L کسووال ضلع ساہیوال کے ناموں سے ہوئی۔ ڈاکو نوید 28 سنگین مقدمات میں ملوث جبکہ ارشاد 9 مقدمات میں ملوث تھا۔دونوں اوکاڑہ، لاہور، ساہیوال کے اضلاع میں مختلف تھانوں میں سنگین جرائم میں ملوث تھے۔نعشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئیں۔دوسری طرف دن دیہاڑے ہونے والے پولیس مقابلے سے مقامی رہائشیوں کاروباری طبقے میں پریشانی کا عالم چھا گیا اور کاروباری مراکز کچھ دیر کیلئے بند رہے۔