لاہور(اپنے نمائندے سے) راجہ شوکت عزیز بھٹی ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب کو ہوٹل اینڈ ٹورازم انڈسٹری کا مقدمہ بہترین انداز میں پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم اپنی تمام تر توانائیاں اس کالے قانون کے سدباب کیلئے صرف کریں گے۔ لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے صدر گلریز خٹک کا کہنا ہے کہ واسا نے ہوٹلز کے ٹیرف میں پچھلے ایک سال میں سو گنا اضافہ کر دیا ہے اور جن ہوٹل مالکان کو فکس بل بھیجا جا رہا تھا انکو 2600 روپے فی کمرہ کے حساب سے بل بھیجا جا رہا ہے، جبکہ ہمیں سو فیصد آکوپیینسی کے حساب سے بل بھیجا جا رہا ہے جبکہ کوئی بھی ہوٹل پورا مہینہ سو فیصد بک نہیں رہتا، ہم اس مسئلہ پر رکن صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں مسئلہ اٹھانے پر انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جنرل سیکرٹری منیر گیلانی نے کہا کہ ٹیرف میں سو گنا اضافے پر لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے وفد نے ایم ڈی واسا غفران احمد سے ملاقات کی تھی جس پر ایم ڈی واسا نے کہا تھا کہ یہ قرارداد پنجاب اسمبلی میں پاس ہو چکی ہے۔ چیئرمین آصف خان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ واسا لاہور کی جانب سے ٹیرف میں 100فیصد اضافہ کی وجہ سے مزید مالی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس مسئلہ کے حل کی خاطر پورے پاکستان کی ہوٹل اینڈ ٹورازم انڈسٹری سے وابستہ تنظیموں جن میں لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن، راولپنڈی انٹر سٹی ہوٹل ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ہوٹلز گیسٹ ہاﺅسز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن نے ملاقاتیں کیں اور مراسلے ارسال کیے جس کے بعد ممبر پنجاب اسمبلی شوکت علی بھٹی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا برائے واسا پیش کی ہے۔ تنظیموں کے مرکزی قائدین نے مزید کہا کہ دنیا میں کسی بھی معاہدے یا ریزولوشن کی بنیاد انصاف پر مبنی ہوتی ہے غیر منصفانہ اور ظلم پر مبنی قوانین کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، جس طرح راجہ شوکت عزیز بھٹی نے بزنس کمیونٹی کے مقدمے کو بہترین انداز میں پیش کیا ہے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وہ بارش کا پہلا قطرہ ہیں ہم اپنی تمام تر توانائیاں اس کالے قانون کے سدباب میں صرف کریں گے۔
واسا ٹیرف میں سو فیصد اضافہ، ہوٹل، ٹورازم انڈسٹری کا مقدمہ اسمبلی میں اٹھانے پر راجہ شوکت عزیز کو خراج تحسین

















