پنجاب، فصل کی باقیات جلانے والوں کی گرفتاریاں، مقدمات کا اندارج شروع

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے فصل کی باقیات جلانے والوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج کا آغاز کر دیا،حافظ آباد میں موٹر وے کے کنارے فصل کی باقیات جلانے والے دو افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیاگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کے آگ لگانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کے نتیجے میں موٹر وے پر حادثہ ہوا جس پر قانونی کاروائی کی گئی ۔فصل کی باقیات جلانے سے حادثات کی رپورٹس پر پنجاب حکومت نے سخت کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو زیرو ٹالرنس کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔صوبہ بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز اورنمبرداروں کو فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کا ٹاسک دے دیاگیا۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جہاں خلاف ورزی ہو وہاں سخت ترین کارروائی کی جائے، ماحولیاتی بہتری اور سموگ کے خاتمے کیلئے قانون کی خلاف ورزی پر ایف آئی آردرج ہوگی ،کسی بھی علاقے میں فصل کی باقیات جلائی گئیں تو ضلعی انتظامیہ اور نمبردار ذمہ دار ہوں گے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے قانونی کارروائی حالیہ سروے کے نتائج پر کیا، ضلعی انتظامیہ اور نمبردار اپنے اپنے علاقوں میں مساجد سے اعلان کرائیں، کسان فصل کی باقیات نہ جلائیں، ڈپٹی کمشنرز علاقہ نمبرداروں کو اعتماد میںلیں، کسانوں کو فصل کی باقیات جلانے کے نقصانات اور قانون کے بارے میں آگاہ کریں ،سموگ اور زہریلا دھواں موت کاسبب بننے والے امراض پیدا کرتا ہے۔ سینئر وزیر نے اپیل کی کہ میڈیا اور عام شہری زہریلے دھوئیں پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔