حافظ آباد ضلعی انتظامیہ سموگ کی روک تھام کیلئے متحرک،کارروائیوں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل

حافظ آباد:(قمر عباس)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد میڈم سندس ارشاد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام محکمے سموگ کی روک تھام اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلا ف مشترکہ طور پر بھر پور کارروائیاں کریں۔محکمہ زراعت، کسانوں، زمینداروں اور کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات کو جلانے سے اجتناب کر نے کے حوالے سے شعور اور آگاہی فراہم کرے تاہم اگر کسی بھی علاقہ یا دیہات میں فصلوں کی باقیات کو جلایا گیا تو متعلقہ زمیندار اور کاشتکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات کے افسران کو دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی کارروائیاں کر نے کی ہدایت کی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سموگ کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو امتیاز علی بیگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، اسسٹنٹ کمشنرمنور حسین،ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک اے سی پنڈی بھٹیاں محمد اشفا ق احمد، محکمہ زراعت، محکمہ تحفظ ماحولیات، ٹریفک پولیس، میونسپل کمیٹیوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کی روک تھام کے سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو ضلع کے مختلف دیہات میں جا کر کسانوں اور زمینداروں کو اس کے نقصانات بارے آگاہی اور شعور فراہم کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کے افسران زمینداروں اور کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات جلانے کی بجائے انہیں جدیدمشینری اور زرعی ٹیکنالوجی کی بدولت مٹی میں ہی تلف کریں اور اگر کوئی کسان یا زمیندار حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فصلوں کی باقیا ت کو جلائے تو اس کے خلاف فوری طور پر ایکشن لیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ اینٹیں بنانے والے بھٹوں اور فیکٹریوں کے دورے کیے جائیں اور دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور فیکٹری مالکان کے خلاف کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی جائیں اور ایسی گاڑیوں کو بند کر کے مالکان کو جرما نے کیے جائیں۔