9مئی کے کرداروں،سہولت کاروں کوسزائیں نہ ملنا نظام عدل پر بڑا سوالیہ نشان ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے 9مئی ملکی تاریخ کا ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن،لمحات یاد کرکے ہر محب وطن پاکستانی کا دل خون کے آنسو روتا ہے، کرداروں و سہولت کاروں کو سزائیں نہ ملنا نظام عدل پر بڑا سوالیہ نشان ہے،”سیاسی انتہا پسند گروہ“نے افواج پاکستان پر چڑھائی کرنے کی منظم سازش رچائی، 9مئی پاکستان کےخلاف بڑی سازش تھی ،ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی ہے،فوجی تنصیبات پر منظم پلاننگ سے حملے پاک فوج کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش تھی، شہدا کے مجسموں کو جلایا گیا یادگاروں کی توہین کی گئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاپوری دنیا میں مہذب قومیں اپنے شہداءکو ماتھے کا جھومر سمجھتی ہیں لیکن انتہا سیاسی پسندوں کے گروہ نے پاکستانی قوم کے فخر شہداءکے مجسموں کو بے دردی سے جلایا، شہدا کی تذلیل اصل میں ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی توہین کے مترادف ہے، ایک سال بعد بھی 9مئی کے کرداروں ،سہولت کاروں کو سزائیں نہ ملنا نظام عدل پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ہزاروں کی تعداد میں ویڈیو، تصویریں اور آڈیو کالز بطور ثبوت موجود ہیں پھر ایک بھی عدالت نے کسی شرپسند کو سزا نہیں سنائی،شہدا کے لواحقین عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں 9مئی کے ملزموں کو کب کیفر کردار تک پہنچایا جاتا ہے۔

دریں اثنا اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا خیبر پختونخوا ڈوب رہا ہے اور وزیراعلیٰ کے پی عوام کے ٹیکس کا پیسہ عیاشیوں پر اڑا رہے ہیں، عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر بیان میں کہا کہ دو وزراءاعلی کی ترجیحات آپ کے سامنے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے سیلاب میں ڈوبے پختون بہن بھائیوں کےلئے امداد بھیج رہی ہیں، سوچیں اگر انہیں یہ امداد بھی نہ ملتی تو بے چارے اس وقت کس حال میں ہوتے؟۔