نظام مصطفی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا:طاہر محمود اشرفی

سرگودھا:( سحرمحمودافضل اعوان) پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ختم نبوت قانون پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملا جس کےلئے 10 ہزار اہل اسلام نے شہادتیں دیں اس لئے اس قانون کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

مولانا طاہر محمود اشرفی نے سرگودھا آمد پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان پر اپنی جان بھی قربان کر دیں گے لیکن اس کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، نظام مصطفی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا اس لئے ہر شہری کو کم ازکم اپنا ماحول دین کے تابع بنانا ہو گا اور اپنے گھروں میں اسلامی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر معاشرے کی اصلاح کا اہتمام کرنا ہو گا۔

اس موقع پر مقامی علما نے کہا جیسا عمل ویسی جزا کے قاعدہ کے موافق کثرت سے درودوسلام پڑھنے والے پر اور اس کی آل اولاد پر بے شمار نعمتوں کا نزول ہوتا ہے،یہی وجہ ہے تمام عبادات میں قبولیت اور عدم قبولیت کا احتمال ہے لیکن حضور اقدس پر درودوسلام قبول ہی ہوتا ہے،اس لئے ہم گناہ گاروں کو اس کی کثرت سے عبادت کو اپنی زندگیوں کا معمول بنا کر اللہ کی رضا کو ممکن بنانا ہو گا،آخر میں ملک و ملت اور امت مسلمہ و فلسطین کے مظلوم بھائیوں کےلئے دعا کی گئی۔