حکمرانوں کی نااہلی سے کسان پریشان ہیں ، لیاقت بلوچ

کاہنہ:(ملک اسلم)پاکستان کی زراعت کو اپنے قدموں پر کھڑا کر کے آئی ایم ایف سے نجات دلوائی جا سکتی ہے ۔ان خیالات کااظہارنائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ پراناکاہنہ میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔گذشتہ روز پراناکاہنہ میں کسانوں نے حکومتی پالیسیوں اور کسان دشمن اقدامات کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے کسان رہنماوں سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرلیاقت بلوچ نے کہا کہ الیکشن کے بعد اپنی مرضی کی حکومت مسلط کر دی گئی اوربے حس اسمبلی کام نہیں کر رہی،پاکستان بحرانوں سے دورچار ہے جبکہ حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں اورحکمرانوں کی نااہلی سے کسان پریشان ہے پرانی گندم ہونے کے باوجود نئی گندم امپوڑٹ کی گئی۔ہمارا مطالبہ ہے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو گرفتار کر کے انکوائری کی جائے،تمام شماریات بتا رہی ہے کسانوں نے مہنگی بجلی اور کھاد خریدی ہے،لیکن آج کسان ہی دربدر ہے۔اس کے علاوہ بجلی ڈیزل ادھار لے کر گندم تیار کرنے والا کسان مشکل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ معاہدے پاکستان کی معیشت خراب کر رہے ہیں۔اوریہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو دھوکے میں رکھ رہے ہیں۔مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے،حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کا خیال کریں۔