گندم درآمد کی کھلی چھوٹ، 300ارب سے زائد کانقصان،بڑے انکشافات

اسلام آباد(بیورورپورٹ)گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات میں بڑے انکشافات سامنے آگئے۔

انکوائری کمیٹی کوموصول تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کے دور میں نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی، وزارت خزانہ کی سفارش پر نجی شعبے کو مقررہ حد کی بجائے درآمد کی کھلی چھوٹ ملی۔

ذرائع کمیٹی کے مطابق ٹریڈرزنے اربوں کا کھیل کھیلا، تاجروں کو کسٹم ڈیوٹی ،جی ایس ٹی کی چھوٹ بھی دی گئی، نگران وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے سمری بھیجی، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے وزارت تجارت ،ٹی سی پی کی اہم تجاویز کو نظرانداز کیا،منظم منصوبے کے تحت اضافی گندم کی درآمد سے 300 ارب سے زائد کا نقصان ہوا، پاسکو ،صوبائی محکمے مطلوبہ ہدف 7.80 کی بجائے 5.87 ملین ٹن گندم خرید سکے، ملک میں 28.18 ملین ٹن گندم پیدا ہوئی ،2.45 ملین ٹن درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قبل ازیںوزیراعظم نے گندم درآمدی سکیم کی تحقیقات کیلئے جسٹس ریٹائرڈ میاں مشتاق کی سربراہی میں کمیٹی بنادی ،ذرائع کے مطابق کمیٹی غیر ضروری طور پر گندم کی درآمد سے ملکی خزانے کو ہونے والے اربوں کے نقصان کی تحقیقات کرکے 2 ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی۔