مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اوّلین ترجیح،محنت کش ہی پاکستان کی طاقت بنیں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے،قوم، ملک کی ترقی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے جبکہ اسلام سماجی انصاف،مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق سے متعلق رہنما اصول طے کر دئیے تھے، محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دیکر اسکی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہوں، اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔