لاہور (اپنے رپورٹر سے)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے آج گورنر ہاﺅس لاہور میں کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے مہر کاشف یونس کو کرغزستان کا اعزازی قونصل تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور امیدظاہر کی کہ وہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے درمیان روابط دو طرفہ تعاون کے فروغ میں بہت اہم ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوںمیں اشتراک کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ اس موقع پر ایڈوائزر کرغرستان قونصلیٹ ڈاکٹر وقار چوہدری بھی موجود تھے۔اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارت کو فروغ دینے کیلئے پاک کرغزستان سرمایہ کاری کانفرنس اگلے ماہ لاہور میں منعقد ہو گی جس سے یقینا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
پاکستان کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: گورنر پنجاب

















