مڈھالی روڈ کی کارپیٹنگ ٹائم لائن میں مکمل کرنے کا حکم،معیار پر سمجھوتہ نہیں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال: (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ کی کارپیٹنگ کے جاری کام کو ٹائم لائن میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، کوالٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پسپ حکام مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں تاکہ معیاری کام یقینی بنایا جا سکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اسجد خان نے بتایا مڈھالی روڈ کے 3کلو میٹر(9640 فٹ) حصے میں سے2کلو میٹر(5200 فٹ) پر پتھر ڈال دیا گیا ہے جبکہ باقی کام ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد کارپیٹنگ کا کام شروع ہو گا، انہوں نے اجلاس میں شہر کی دوسری اہم سڑکوں فرید ٹاون روڈ، ہڑپہ روڈ، چک نمبر 93/6R روڈ اور عارف والا روڈ کی مرمت کا شیڈول بھی دیا اور یقین دلایا کہ ان تمام سڑکوں کی مرمت کا کام بھی مئی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا پہلے ہی ان سڑکوں کی مرمت کا کام لیٹ ہوا ہے جس سے عوام شدید سفری مشکلات کا شکار ہیں، انہوں نے پاک پتن روڈ پر72انچ قطر کے سیوریج پائپ ڈالنے کے کام دوبارہ شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ سڑک کی کارپیٹنگ کا کام شروع کیا جا سکے، سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایاپاک پتن روڈ پر 4538پائپ ڈالے جانے ہیں جن میں سے3088ڈالے جا چکے ہیں اس طرح68فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، کمشنر شعیب اقبال سید نے علامہ اقبال روڈ، ہائی سٹریٹ اور فتح شیر کالونی روڈ پر جاری کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی جس پر سٹی منیجر اسجد خان نے یقین دلایا تینوں سڑکوں پر تمام کام مئی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ شہر کے اہم چوراہوں پر سگنلز کی تنصیب بھی10دنوں تک مکمل کر کے انہیں فنگشنل کر دیا جائے گا۔