واسا میں درجنوں او پی ایس اناڑی داروغوں کی تعیناتی سیورمین سٹاف کیلئے موت کی سزا
لاہور (قمر عباس نقوی) واسا آپریشن ڈائریکٹوریٹس میں 100سے زائد آن پے سکیل اناڑی داروغوں کی تعیناتی، مین ہولز میں مختلف خطرناک گیسوں سمیت ہائیڈروجن سلفائیڈ کی موجودگی کی لاعلمی کے باعث سیورمین سٹاف کیلئے موت کی سزا، سیاسی داروغوں کو نوازنے کی پالیسی تجربہ کار سیورمینوں کی تعیناتی میں بڑی رکاوٹ بن گئی۔ واسا لاہور میں نکاسی آب کے نظام کو بحال رکھنے کی خاطر مین ہولز کی صفائی کی خاطر سیورمین سٹاف کو تعینات کررکھا ہے جن کو مختلف ٹیموں کی شکل میں تشکیل دیا گیا ہے، ٹیموں کی سربراہی داورغہ کے ذمہ ہوتی ہے جو کہ سیور اور اس میں موجود مختلف خطرناک گیسوں کی موجودگی میں سیورمین سے کام لینے کا مکمل تجربہ ہونا ضروری ہے۔ اس ذمہ داری کی ادائیگی تجربہ کار سیور مین کو دی جاتی ہے تاکہ صفائی کا نظام بحال کرنے کے ساتھ انسانی جانوں کی حفاظت بھی کی جاسکے۔ تاہم واسا لاہور انتظامیہ نے 100 سے 150 کے قریب سیاسی ملازمین کو نوازنے کی خاطر تمام تر سروسز رولز کی خلاف ورزی کے ساتھ سیور مین سٹاف کی حق تلفی اور جان کو خطرے میں ڈالنے کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے۔ آن پے سکیل یا متعلقہ آپریشن ڈائریکٹوریٹ انتظامیہ کی جانب سے مسیحی ملازمین کے علاوہ دیگر مسلم ملازمین کو داروغہ کی ذمہ داری دے رکھی ہے جن کے اناڑی ہونے کی وجہ سے سیور نظام کی بحالی میں مسائل سمیت سیور مین ملازمین کی جانوں کے ضیاع کے اسباب پیدا کر دئیے گئے ہیں۔ ماضی میں سیور لائن میں ملازمین کے ساتھ پیش آنے والے حادثات سے جانی نقصان سے لگا یا جا سکتا ہے۔ سیور لائن میں مختلف اقسام کی گیسوں موجود ہوتی ہیں جس میں امونیا کاربن ڈائی اکسائیڈ میتھین گیس کے علاوہ خطرناک گیس ہائیڈروجن سلفائیڈ سیوریج گیس موجود ہوتی ہے۔ اس گیس کی موجودگی میں سیور مین زیادہ سے زیادہ سیور لائن میں 5منٹ تک رہ سکتا ہے۔ اس سے زائد وقت میں رہنے سے موت واقع ہو سکتی ہے، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ (کیمیائی فارمولا NO2) ایک غیرآتش گیر مائع گیس ہے جس کا رنگ سرخی مائل بھورا ہوتا ہے (مائع کے طور پر، یہ پیلا ہوتا ہے)۔ اس میں تیز بو ہے اور یہ انتہائی زہریلی اور سنکنار ہے، ہمارے شہروں میں پائی جانے والی نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ کا 1% بجلی، پودوں، مٹی اور پانی سے پیدا ہوتا ہے۔ سیاسی اناڑی داروغوں کے پاس اس گیس کا علم نہ ہونے کی وجہ سے سیورمین کو مین ہول میں مقررہ وقت سے زائد رکھنے سے سیورمین کو موت کی سزا دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق واسا لاہور میں سیورمین سٹاف کی حق تلفی کے ساتھ جانوں کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے جبکہ سیور سٹاف میں تجربہ کار اور گیسوں کے حوالے سے علم رکھنے والے ملازمین موجود ہیں لیکن ان کو لیبر یونینز قائدین کے درباریوں کو داروغہ تعینات کرنے کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیورمین سٹاف کو داروغہ کی ذمہ داری دیتے ہوئے ملازمین کو موت کی سزا سے نجات دلانے کی منصوبہ بندی اختیار کی جائے۔ واسا سیورمین ملازمین کا کہنا تھا کہ اناڑی اور غیرمتعلقہ ملازمین کو داروغہ تعینات کرنے سے سیورمین مسیحی ملازمین کی حق تلفی کے ساتھ بغیر کسی جرم کے سیورلائن میں موجود خطرناک گیسوں کے حوالے کرتے ہوئے موت کی سزا دی جا رہی ہے۔ داروغہ مسیحی ملازمین کا حق ہے، بہت سے سیورمین تجربہ کار ہیں، اس سیٹ پر سیورمین کا حق ہے، سیاسی ملازمین کے آن پے سکیل داروغہ کے احکامات کو ختم کیا جائے اور مسیحی ملازمین کو داروغہ تعینات کیا جائے۔ ساتھ ہی سالہاسال سے اپ گریڈیشن سیاست کی نذر ہے، ہمارا حق دیا جائے، آپریٹرز یا دیگر کیڈرز کے ملازمین سے انکے کیڈرز اور شعبہ کے مطابق کام لیا جائے۔

















