ایل ڈبلیو ایم سی کو حاصل ہونیوالی آمدنی اخراجات کے بھاری بوجھ تلے دفن

لاہور ( نوید چودھری ) لاکھوں روپے تنخواہیں اور اضافی مراعات حاصل کرنےوالے نااہل افسر کی غلط حکمت عملی کے باعث لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اکٹھی ہونیوالی آمدن اخراجات کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہے۔ جنرل منیجر ریسورس جنریشن نے ” ویسٹ ریموور“ کو نواز کر کمپنی کے مالی مفادات آگ میں جھونک دئیے ہیں۔ بحریہ ٹاﺅن موہلنوال کا کوڑا سندر ڈمپنگ سائٹ پر پھینکنے کا تین لاکھ روپے ماہوار کا معاہدہ جنرل منیجر ریسورس جنریشن الطاف اور ٹھیکیدار حبیب کے دیرینہ تعلقات کا شاخسانہ ثابت ہوا ہے۔ درحقیقت سندر سے کوڑا اٹھا کر لکھو ڈیر پہنچانے کے لئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اخراجات آمدن سے کہیں زیادہ ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ معاہدے کی آڑ میں ٹھیکیدار حبیب بحریہ ٹاﺅن کے علاوہ دیگر سوسائٹیوں سے بھی کوڑا اٹھا کر سندر سائٹ پر پھینک رہا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بحریہ ٹاﺅن سے روزانہ 15 ٹن تک کوڑا اکھٹا ہوتا ہے جو سندر سائٹ پر پھینکا جانا چاہیے تھا مگر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو جو کوڑا سندر سے اٹھنا پڑ رہا ہے اس کا وزن تقریباً 30 ٹن تک جا پہنچتا ہے۔ سندر سے ایک ٹن کوڑا اٹھا کر اگر لکھو ڈیر ڈمپنگ سائٹ پر پھینکا جائے تو اس پر سات سو روپے فی ٹن سرکاری فیس اور دیگر اخراجات ڈال کر 1500 روپے تک کا خرچہ آتا ہے، اس حساب سے لاہور ویسٹ کمپنی کو بحریہ ٹاﺅن کے چکر میں الجھا کر 45000 روپے روزانہ کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے جو مہینے کا تقریباً ساڑھے 13 لاکھ روپے بنتا ہے۔ مگر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صرف تین لاکھ روپے ماہوار پر راضی کر کے جنرل منیجر الطاف نے بڑے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔