ننکانہ صاحب، ٹرانسفارمر چور گینگ کا سرغنہ 3ساتھیوں سمیت گرفتار

ننکانہ صاحب:(نصر اقبال) سی آئی اے پولیس ننکانہ کی بڑی کاروائی۔ بین الاضلاعی ٹرانسفارمر چور گینگ کا سرغنہ تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 10 لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ علی حسن عرف حسنی سمیت اسامہ، خان بہادر اور افتخار عرف بگی شامل ہیں۔ ملزمان بجلی کے ٹرانسفارمرز اور ٹیوب ویل کی موٹرز چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے اور انکا کاپر نکال کر فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کی گرفتاری ایک سوالیہ نشان بنی ہوئی تھی۔ بین الاضلاعی گینگ کو انچارج سی آئی اے نے سپیشل ٹیم تشکیل دیکر تکنیکی مہارت سے گرفتار کیا۔

دوران تفتیش ملزمان سے چوری کے 15 مقدمات کا سراغ مل گیا مزید انکشافات متوقع ہیں۔ ملزمان ضلع ننکانہ اور ضلع فیصل آباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی سرگرم تھے۔ ڈی پی او صاعد عزیز نے انچارج سی آئی اے انسپکٹر ریاض احمد اور ہمراہی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ عوامی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کے لیے انسدادی کاروائیاں دن رات جاری ہیں۔