روٹی، نان کے وزن میں کمی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کے مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر روٹی اور نان کی قیمتیں چیک کرنے کا عمل دوسرے روز بھی جاری، روٹی اور نان کی قیمت نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے پر متعدد پر جرمانے عائد اور وارننگ جاری کیں، پرائس مجسٹریٹس روٹی اور نان کی قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ روٹی اور نان کی نئی قیمت پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا دورہ کیا۔انہوں نے روٹی اور نان کا میعار اور وزن بھی چیک کیا۔ چیکنگ کے دوران حافظ فوڈ کارنر کو قیمت کا بینر آویزاں نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا اور مختلف ہوٹلز مالکان کو وارننگ بھی جاری کی گئیں۔ انہوں نے ہوٹل مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ روٹی اور نان کی قیمت کے حوالے سے بینرز نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں اور صفائی کے انتظامات کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مقررہ قیمت سے زائد قیمت وصول کرنے اور اوزان میں کمی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی چیکنگ کے دوران انہوں نے گاہکوں سے بھی روٹی اور نان کے معیار اور قیمت بارے تفصیلی بریفنگ لی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، مڈھالی روڈ پر دو شفٹوں میں کام کیا جائے تاکہ کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے، پاکپتن روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے کام کو 30مئی تک مکمل کر کے محکمہ ہائی وے کے ہینڈ اوور کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے اسجد خان نے بتایا کہ فتح شیر روڈ پر ٹف ٹائل اور کرب سٹونز لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کارپوریشن حکام پر میونسپل واجبات کی ریکوری مزید بہتر کرنے اور تجاوزات کے خلاف کاروائی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شاپر بیگز کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیمارویوں اور ماحولیاتی آلودگی بارے عوام میں آگہی مہم بھی چلائی جائے۔