فیصل آباد: (بیورو رپورٹ ) انجمن تاجران ریلوے روڈ کے زیراہتمام تاجروں نے واسا بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاج ی مظاہرہ کیا اور واسا کے بل جلائے ۔ مظاہرین نے واسا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ اور وائس چیئرمین قیصر سیٹھی نے کہا کہ واسا کے بلوں میں 1500 روپے ماہانہ کا ظالمانہ اضافہ چھوٹے دکانداروں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے‘ واسا اپنی لائنیں ڈال کر ہمیں جو میٹھا پانی پہنچاتا ہے اس کا بل 650 روپے اور جو پانی ہم اپنی گرہ سے اپنا پمپ لگا کر استعمال کرتے ہیں اس کا بل 1500 روپے ہے ۔ یہ دکانداروں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔اس اضافے کو فوری واپس لیا جائے
آفتاب بٹ،قیصر سیٹھی نے کہااضافہ پروفیشنل کام کرنے والوں پر لگنا چاہئے‘ جن میں بڑے پلازے‘ بینک‘ سروس اسٹیشن‘ ہوٹلز‘ ہوسٹلز‘ فیکٹریاں اور بڑے بڑے شاپنگ سنٹر جو زمینی پانی اپنے فائدے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ شہر بھر کے چھوٹے تاجر اپنی دکان میں ایک چھوٹا سا واش روم استعمال کرتے ہیں ان پر یہ ٹیکس لگانا انتہائی ظلم ہے۔ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ واسا فیصل آباد کو حکم دیں کہ چھوٹے دکانداروں کو اس ظالمانہ اضافے سے استثنیٰ دیں تاکہ وہ سیوریج اور میٹھے پانی کا بل خوشی سے ادا کر سکیں۔
فیصل آباد: واسا بلوں میں اضافہ، انجمن تاجران سراپا احتجاج

















