سکھ بہن بھائیوں کو جی آیاں نوں،بڑی خوشخبریاں عوام کی منتظر ہیں،مریم نواز

لاہور(اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے پنجاب میں بیساکھی منانے کےلئے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو جی آیاں نوں،بیساکھی منفرد ثقافت کی پہچان ہے ،ڈھول کی تھاپ پر درانتی سے گندم کی سنہری فصل کاٹ کر بیساکھی کاآغاز ہوتا ہے تو خوشیاں ہر سو پھیل جاتی ہیں، بیساکھی خوشیوں سے مہکتا تہوار ہے،سب بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہاپہلے پاکستانی پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں، پنجاب دل میں بستا ہے، میرے پنجاب کا ہر فرد بیساکھی کی خوشی میں برابر کا شامل ہے ،پنجابی تہوار بیساکھی کو سرکاری طور پر باقاعدہ منانے کا آغاز کررہے ہیں،دنیا بھر سے آنے والی سکھ برادری کےلئے حسن ابدال، ننکانہ صاحب، کرتار پور اور لاہور میں بیساکھی کی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا،دعا ہے بیساکھی کی خوشیاں سدا قائم و دائم رہیں، پنجاب میں سکھ یاتریوں کو مذہبی و ثقافتی سیا حت کےلئے بہترین ماحول اور سہولتیں دے رہے ہیں۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معاشی اشارئیے بہتر پر ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے قائد نوازشریف کی رہنما ئی میں پاکستانی معیشت پھر ترقی کی طرف گامزن ہو رہی ہے، حکومتی معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں، بجلی کے نرخ، مہنگا ئی کم ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستانی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں۔

مریم نواز نے کہاوزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے، تاریخ میں پہلی بار سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 70 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا،پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبریاں منتظر ہیں، آئندہ سال مہنگائی کی شرح کم ہو کر 12.2 فیصد ہونے کا امکان ہے، پہلی بار 20 کلو آٹے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی، آٹے کی قیمت میں مارکیٹ انڈیکیٹرز کے مطابق مزید 300 روپے کمی متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہااکنامک اینڈ سوشل سروے آف ایشیا اینڈ پیسفک ریجن نے پاکستان کے معاشی اشاریوں کو بہترین قرار دیا، اقوام متحدہ رپورٹ میں آئندہ مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی ترقی تیزی سے آگے بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی،پاکستان میں رواں اور آئندہ سال کے دوران ترقی کی شرح 2 فیصد سے 2.3 فیصد تک بڑھے گی، مریم نواز نے کہا آئی ایم ایف کےساتھ اپنا موجودہ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا، معیشت بہتر، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، آئی ایم ایف کےساتھ نئے اقتصادی پروگرام سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی،عوام کو اپنے وزیراعظم شہبازشریف پر مکمل اعتماد ہے۔