پچیس ہزار سے نماز عید الفطر اجتماعات کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے چاند رات اور عید الفطر کے حوالے سے صوبے کا سکیورٹی پلان فائنل کرلیا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ چاند رات، عیدالفطر پر صوبہ بھر میں حساس مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی، مارکیٹس، مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ چاند رات پر لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے، صوبہ بھر میں 5 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے، 3656 میٹل ڈٹیکٹرز، 30 واک تھرو گیٹس استعمال کئے جائیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں چاند رات پر 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے، ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں اہم مقامات کے گرد مسلسل پٹرولنگ سرانجام دیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ چاند رات اور عید پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی ہرگز اجازت نہیں، خواتین کو ہراساں کرنے والے اوباشوں کو فوری حوالات میں بند کیا جائیگا۔دریں اثناءآئی جی پنجاب کی ہدایت پر میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق پولیس فورس کی محکمانہ پروموشن کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں سرگودھا اور گوجرانوالہ ریجن کے 187 اہلکاروں کو اگلے رینک میں ترقی دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا ریجن میں 37 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹرز، 77 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئیز، 49 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل رینک پر پروموٹ کیا گیا، پروموٹ ہونے والوں میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے اہلکار شامل ہیں۔ گوجرانوالہ ریجن میں بھی پروموشنز کا سلسلہ جاری 24 اہلکاروں کی ترقی کی منظوری دی گئی، 12 اے ایس ائیز کو سب انسپکٹر، 12 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئیز کے عہدوں پر ترقی دیدی گئی۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قتل، اقدام قتل، ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی سرکوبی پر افسران واہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا، سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آپریشنز، انویسٹی گیشن اور آرگنائزد کرائم یونٹ کے 50 افسران و اہلکاروں کو تعریفی لیٹرز، اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔ تعریفی لیٹرز حاصل کرنے والوں میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور ذیشان اصغر، ایس ایس پی آپریشن لاہور سید علی رضا، ایس پی او سی یو فرقان بلال، ایس پی سٹی کیپٹن (ر) قاضی احمد رضا، ایس پی آپریشنز کینٹ اویس شفیق، ایس پی سٹی انوسٹی گیشن منزہ کرامت،اے ایس پی شاہدرہ سید احسان اللہ خان، ڈی ایس پیز میاں قدیر، سجاد احمد، راشد امین شامل تھے جبکہ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل سے انسپکٹرز رینک کے دیگر 40 افسران و اہلکاروں کو سی سی ون سرٹیفیکیٹ اور کیش انعامات سے نوازا۔