اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے دھمکی آمیز خطوط کو ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش قراردےدیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بیان میں کہازہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش ہے،فوری و جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس کی کارروائی کے بعد زہریلے مواد پر مشتمل خطوط کے سلسلے میں تیزی کا مقصد عدالتوں میں خوف و بے یقینی کا ماحول پیدا کرنا ہے،سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشتبہ خطوط کی ترسیل کے ذریعے ججزکو خوف ،دباوکا شکار کرتے ہوئے قانون و انصاف پر مبنی فیصلوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہاعدلیہ کے اندر سے غیرآئینی دباو و مداخلت کےخلاف اٹھنے والی آوازوں کے بعد نظام عدل کو مزید دباو کا شکار کرنےوالے عناصر کا تعین ناگزیر ہے،ججز کو یکے بعد دیگرے مشکوک لفافوں کی ترسیل اتنہائی سنجیدہ معاملہ اور عدلیہ پر براہ راست حملہ ہے،عدلیہ پر حملہ آور عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
دریں اثناپی ٹی آئی نے اہم پارٹی فیصلوں کےلئے 10 رکنی ایپکس کمیٹی تشکیل دےدی ،کمیٹی عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی،کمیٹی میں بیرسٹر گوہر، علی امین گنڈاپور، حماد اظہر، خالد خورشید، حافظ فرحت، عمر ایوب، شبلی فراز، اسد قیصر شامل ہیں۔
دھمکی آمیز خطوط ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش ، عدلیہ پر براہ راست حملہ ہے،پی ٹی آئی

















