بہاولنگر: (علی احمد مانیکا)وزیر اعلیٰ پنجاب،چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر بہاول پور کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا،اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کی، اس موقع پر ایڈیشنل ریونیو قیوم قدرت ، اسسٹنٹ کمشنرز، ایکسیئنزپبلک ہیلتھ، ہائی وےز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز، پبلک ہیلتھ، ہائیر و سکول ایجوکیشن سمیت دیگر محکموں کی جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ذوالفقار احمد بھون نے کہا خستہ حال اور عرصہ دراز سے نظر انداز رہنے والی سڑکوں کی از سر نو تعمیر، مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، اس کے علاوہ سیوریج، فٹ پاتھ، گلیوں سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کو مقررہ معیار اور مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کاتفصیلی جائزہ لیتے ہو ئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص فنڈز قوم کی امانت ہیں، جن کی ایک ایک پائی دیانتداری سے خرچ کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، سڑکوں اور دیگرفلاحی منصوبہ جات کی تعمیرو توسیع کیلئے ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے لہذٰا تمام منصوبہ جات کومقررہ معیار اور مدت کے اندر مکمل کیا جائے،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات کام کیا جائے۔ ترقیاتی سکیموں کو پائیدار و دیرپا بنانے کیلئے سکیموں کی سخت نگرانی کی جائے۔ ترقیاتی سکیموں میں التوائاور کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار ، مدت میں مکمل کیا جائے:ذوالفقار احمد

















