ٹیکس سسٹم میں ترمیم ناگزیر، تاجر دوست سکیم 2024ءپر سخت تحفظات ہیں :کاشف انور

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کہا ہے کہ ٹیکس سسٹم کاروبار دوست بنائے بغیر معاشی مسائل حل نہیں کئے جاسکتے۔ ایس آر او 420کے تحت متعارف کرائی گئی تاجر دوست سکیم 2024پر سخت تحفظات رکھتے ہیں جنہیں دور کیا جائے۔ سٹیک ہولڈرز کو پالیسی سازی کے عمل میں شریک کیا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جائیں۔ وہ معاشی چیلنجز اور ان کے حل کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ اور کاروباری برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ کاشف انور نے کہا کہ SRO-420 جس کے تحت تاجر دوست سکیم 2024متعارف کرائی گئی ہے جس کے بارے میں لاہور چیمبر کو شدید تحفظات ہیں۔ ایسے کاروباری افراد جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں اور جنہوں نے کبھی بھی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائی ، ان کو اس سکیم کے تحت ہر ماہ ایڈوانس ٹیکس جمع کروانے کا کہا گیا ہے جو عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دکانداروں کا واسطہ ٹیکس لائرز سے پڑا رہے گا ۔ دوسرا دکان کا ایریا اور پراپرٹی کی ویلیو کے حساب سے ٹیکس کا تعین کیا جائیگاجس کا کسی سیل سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس ٹیکس کو سادہ بنایا جائے اور دکاندار سال میں صرف ایک مرتبہ سنگل پیج ریٹرن جمع کرائیں۔ اس سکیم میں کم از کم ٹیکس کے بجائے بجلی کے بلوں کے مطابق ٹیکس ایڈجسٹ ایبل ہونا چاہیے جس کا آڈٹ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو سہولیات ، مراعات دی جائیں اور جیسے VTCS-2016متعارف کرایا گیا تھا اسی طرز پر اس ایس آر کے بارے میں وضاحت کے ساتھ لوگوں کو بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں SRO-1842 کے ذریعے ایک نئی شرط عائد کی گئی جس کے مطابق ایسے ری ٹیلرز جن کا 12ماہ میںوِد ہولڈنگ ٹیکسSection 236H کے تحت ایک لاکھ سے زائد ہو ان کو POS Integrationکیلئے پابند کر دیاگیا۔ اس سے چھوٹے رٹیلرز پر بوجھ بڑھ جائے گااور ٹیکس نیٹ میں وسعت جیسے اہم اہداف کا حصول مزید مشکل ہو جائے گا۔مزید برآں ایس آر او کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کیلئے بیلنس شیٹ کی فراہمی اور بائیومیٹرک لازمی قرار دیدئیے گئے ہیں جبکہ اس ایس آر او کے تحت ٹرن اوور کیپٹل کے پانچ گنا سے زائد نہیں ہوسکتا وگرنہ کمشنر سے اجازت لینا ہوگی۔ کاشف انور نے حکومت پر زور دیا کہ ٹیکسیشن سسٹم آسان بنایا جائے ۔ آڈٹس، بینک اٹیچمنٹ اور سرچارج کی موجودگی میں کوئی ٹیکس نیٹ میں نہیں آئیگا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر کی دعوت پر مارکیٹ لیڈرز نے لاہور چیمبر کو تجاویز بھیجیں جن کی مدد سے لاہور چیمبر کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو طویل عرصہ سے معاشی چیلنجز درپیش ہیں جن سے نکلنے کیلئے موثر پالیسیوں اور ان میں تسلسل کی ضرورت ہے۔