شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے جی ٹی روڈ پر بھل صفائی کے ڈھیر اور کوڑا فوری اٹھانے کی ہدایت کر دی، شہر کی دیگر سڑکوں کے کناروں پر جمع مٹی کو بھی فوری اٹھایا جائے، شہر کو گرین سٹی اور سرسبز و شاداب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملک اکرام، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے بھٹونگر پارک میں ناجائز تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ ان تجاوزات کو فوری ختم کروایا جائے۔ انہوں نے آذان ہائٹس کے سامنے روڈ کی کرب سٹونز کو بھی فوری ٹھیک کرنے کی ہدایت کی۔میونسپل آفیسر ذوالفقار شاہ نے اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائی سٹریٹ کی ڈرینج کی صفائی کا 90فی صد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خاں نے بتایا کہ عارف والا روڈ کی تعمیر نو کاکام بھی شروع کر دیا گیا ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائیگا۔ ڈی جی پی ایچ اے ملک اکرام نے بتایا کہ طارق بن زیاد کالونی میں یادگاری کشتی کی ریسٹوریشن کا کام جاری ہے۔