لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں بجٹ بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی کرپشن کا دور ختم ہوا اب مریم نواز کی قیادت میں تعمیر وترقی ہوگی ، حکومت کی صحت اور تعلیم پر بھرپور توجہ مرکوز ہے ،28منصوبوں میں کام کا آغاز کردیا گیا ہے،ایک ماہ سے کم وقت والی حکومت نے سمت دی ہے کہ صوبے کو کیسے لے کر چلنا ہے، ہمارے پاس نواز شریف اور شہباز شریف جیسی تجربہ کار قیادت موجود ہے،2018ءمیں آر ٹی ایس بٹھا کر ایک نااہل اور کرپٹ شخص کو بٹھایا گیا،پنجاب کی تعمیر و ترقی کا سفر جہاں رکا تھا وہ وہاں سے دوبارہ شروع ہوگیا ہے،پنجاب کی عوام دیکھ رہی ہے کہ ایک اہل اور عوامی حکومت کیا ہوتی ہے۔ دریں اثناءوزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے گزشتہ روز رات گئے اندرون لاہور کے مختلف تھانوں کا دورہ کیا اورتھانہ لوہاری، تھانہ نولکھا، تھانہ مستی گیٹ اور لوئر مال خدمات کی فراہمی کے جدید میکانزم اور سٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے جدید انفراسٹرکچر کافی نہیں پولیس کو عوام کے ساتھ اپنا رویہ بھی بہتر بنانا ہوگا، پنجاب پولیس کا واحد وظیفہ عوام کو جان و مال کا تحفظ کی فراہم کرنااور جرائم پر کنٹرول کرنا ہے، تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے میرٹ پر بھرتیاں اور شفافیت کا فروغ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے،وزہر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ داخلہ جرائم پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن معاونت مہیا کی جا رہی ہے۔
کرپشن کا دور ختم، اب مریم نواز کی قیادت میں تعمیر وترقی ہوگی : مجتبیٰ شجاع الرحمن

















