بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاﺅن ،نادہندگان سے وصولیاں ،ایزی سوفٹ دبئی بیسڈکمپنی کے وفد کی سی ای لیسکو سے ملاقات

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق ایزی سوفٹ دبئی بیسڈ کمپنی کے خصوصی وفد نے لیسکو ہیڈکواٹر کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر سے ملاقات کی، اس موقع پر جی ایم ٹیکنکل عامر یاسین، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ طاہر میو،چیف انجینئر آپریشن سرور مغل،ڈپٹی منیجر پی ایم یو ابوبکر بھی موجود تھے۔ دوران گفتگو وفد کا کہنا تھا کہ ایزی سوفٹ دبئی بیسڈ کمپنی توانائی کے شعبے میں جدت لانے کے حوالے سے دلچسپی رکھتی ہے ۔ وفد کا کہناتھا کہ کمپنی کا مقصد تقسیم کار کمپنیوں کے بجلی کی تقسیم کے نظام، انفراسٹرکچر اور میٹریل کو بہتر بنانا اور پاور سیکٹر میں بھلی میٹرز کوAMIمیٹرز پر منتقل کروانا ہے جس سے پاور سیکٹر کو بے حد فائدہ حاصل ہو گا۔اس موقع پر دونوں جانب سے اپنے اپنے تجربات پر روشنی ڈالی گئی اور ایک دوسرے کو سراہا گیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے ایزی سوفٹ کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیا۔ دریں اثناءلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 410 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 228 کیخلاف مقدمات درج کرا دئیے گئے، پکڑے جانے والے کنکشنوں میں 12 کمرشل، 4 زرعی اور 394 ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے انکو 3 لاکھ14 ہزار 722 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 83 لاکھ 39 ہزار 657 روپے بنتی ہے۔ دوسری طرف 187 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران کل65 ہزار 144 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 63 ہزار 619 کیخلاف مقدمات درج کروا کر 20 ہزار53 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ26 لاکھ 63 ہزار 410 یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 3 ارب14 کروڑ9 لاکھ 90 ہزار 207 روپے بنتی ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں مہم کے 180 ویں روز 379 نا دہندگان سے6.77 ملین روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔