فریقین کی رضا مندی سے پی بی50میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے پی بی 50قلعہ عبد اللہ میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دےدیا ۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، بنچ میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل تھے۔

سماعت کے آغاز میں عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار زمرد خان کے وکیل وسیم سجاد نے دلیل دی جن پولنگ سٹیشنوں سے میرے موکل زمرد خان کامیاب ہوئے تھے صرف وہاں دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا ، میرے موکل زمرد خان نے حلف بھی اٹھا لیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن معطل کر دیا،اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (ف)کے وکیل نے کہا جہاں زمرد خان جیتے وہاں فارم 45اور 47میں تضاد ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا الیکشن کمیشن کی مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر 99فیصد ٹرن آﺅٹ مشکوک قرار دینے کی دلیل قابل قبول نہیں ہے، حلقے کے کئی پولنگ سٹیشنوں پر بھی ٹرن آﺅٹ 99فیصد تھا مگر وہاں دوبارہ ووٹنگ کا حکم نہیں دیا گیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے عدالت کو اتنی باریکیوں میں نہ لے کر جائیں، ٹربیونل بن چکے ہیں اپیل وہاں دائر کریں، عدالت بیٹھ کر 400الیکشن کیسز نہیں سن سکتی،اگر فریقین رضا مند ہیں تو پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرا دیتے ہیں،بعد ازاں عدالت نے لیکشن کمیشن کا صرف6پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے فریقین کی رضامندی سے حلقہ میں دوبارہ پولنگ کا حکم دےدیا،عدالت نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق شفاف پولنگ یقینی بنائے۔