والدین پولیو کے قطرے پلا کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

حافظ آباد:(قمر عباس) حافظ آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو گی۔ڈپٹی کمشنر میڈم سند س ارشاد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر قومی مہم کا افتتاح کیا۔پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ، ایم ایس ڈاکٹر شکیل احمد شاہد، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر توقیر احمد سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی انکے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہابچوں کو پولیو جیسی خطرناک مرض سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں حفاظتی قطرے ضرو ر پلائے جائیں اور اس مہم کے دوران مقامی علمائے کرام،اساتذہ، انجمن تاجران،میڈیا کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے دیگر سرکردہ افراد کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کر تے ہوئے اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل اور انہیں جسمانی معذوری سے بچانے کے لیے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں اور محکمہ صحت کی جو ٹیمیں انکے پاس آئیں ان سے تعاون کر تے ہوئے اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر انکامستقبل صحت مند اور تندرست بنوائیں۔

5روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 38ہزار 551بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائینگے جس کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے 998ٹیمیں سکولوں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن اور گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے حفاظتی قطرے پلا نے کی اپنی اہم قومی و سرکاری ذمہ دار ی احسن طریقے سے نبھائیں گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈسمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات مفت ادویات کی فراہمی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی فارمیسی کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مردوں و خواتین کے لیے مزید کاو¿نٹرز بنانے اور میڈیسن لینے کے لیے آنے والوں کے بیٹھنے کا معقول اور بہتر بندو بست کر نے کی بھی ہدایت کی۔