بالی ووڈ اداکار متھن چکرورتی فالج کا شکار ہوگئے
کولکتہ (مشرق نیوز) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی فالج کا شکار ہوگئے ہیں، انکا علاج جاری ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سینیئر اداکار متھن چکرورتی کو 10 فروری کی صبح سینے میں تکلیف، اوپری اور نچلے اعضامیں کمزوری کی شکایت کے ساتھ کولکتہ کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں انکے دماغ کا ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔ایم آر آئی کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ متھن چکرورتی کو دماغ کا فالج ہوا ہے جس کے بعد انکا علاج جاری ہے۔اس حوالے سے ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متھن چکرورتی مکمل طور پر ہوش میں ہیں، انکی صحت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، انہیں طاقت کیلئے لیے ڈرپس لگائی جارہی ہیں اور ساتھ ہی نرم غذا بھی دی جارہی ہے۔ڈاکٹر نے مزید کہا کہ متھن چکرورتی کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے سے پہلے انکا مزید طبی معائنہ کیا جائیگا تاکہ اداکار کو گھر جانے کے بعد کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دوسری جانب متھن چکرورتی کی ہسپتال سے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں مغربی بنگال بی جے پی کے سربراہ سکانتا مجمدار اداکار سے ملاقات کررہے ہیں۔واضح رہے کہ 10 فروری کی صبح متھن چکرورتی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ سے گھر واپس جارہے تھے کہ راستے میں اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔



















