اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے غیرملکی سپلائرز اکاونٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے، مقامی سطح پر فروخت کرنے اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے کسٹمز رولز 2001 میں ترامیم کی جارہی ہیں جس کے ذریعے کسٹمز بانڈڈ فیسلی ٹیشن رولز 2024 رولز جاری کئے جارہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کسٹمز بونڈڈ فیسلی ٹیشن رولز کے تحت غیر ملکی سپلائرز اکاونٹس پر پٹرولیم مصنوعات درآمد، مقامی سطح پر فروخت اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کی جاسکیں گی۔ دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز بونڈڈ فیسلی ٹیشن رولز 2024 رولز پر مشتمل کسٹمز رولز 2001ئ میں ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز سے آرا کیلئے بھی جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان مجوزہ رولز کے بارے میں تجاویز اور اعتراضات پندرہ دن کے اندر اندر بھجواسکتے ہیں، مقررہ میعاد کے بعد موصول ہوئی آرا و تجاویز اور اعتراضات قبول نہیں کیے جائیں گے اور گزٹ نوٹی فکیشن کے ذریعے ان ترامیمی رولز کا اطلاق کردیا جائیگا۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز رولز 2001 میں ترمیم کرتے ہوئے کسٹمز بانڈڈ فیسلی ٹیشن رولز 2024 رولز پر مشتمل XLV کے نام سے نیا چیپٹر شامل کیا جارہا ہے، ان رولز کا اطلاق بین الاقوامی آئل سپلائرز پر ہوگا۔ مجوزہ رولز کے تحت حکومت کی طرف سے جاری کردہ پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق فارن سپلائرز اکاونٹ پر تیل کی درآمد، مقامی سطح پر فروخت کرنے اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کی جاسکیں گی اس کیلئے تیل کے غیر ملکی سپلائرز کے پاس پاکستان میں اپنا ذاتی رجسٹرڈ بزنس قائم کرنے یا پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنی کی سبسڈیری (ذیلی ادارے) کے ذریعے آپریٹ کرنے کا آپشن ہوگا۔ وہ چاہے تو اپنا رجسٹرڈ بزنس قائم کرکے فارن سپلائرز اکاونٹ پر پٹرومیم مصنوعات درآمد کرنے کے ساتھ مقامی سطح پر سپلائی اور پاکستان سے دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرسکے گا اور اگر چاہے تو پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنی کے ذیلی ادارے کے ذریعے فارن سپلائرز اکاو¿نٹ پر پٹرومیم مصنوعات درآمد کرنے کے ساتھ مقامی سطح پر سپلائی اور پاکستان سے دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرسکے گا۔ مجوزہ رولز میں مزید کہا گیا ہے کہ تیل کے انٹرنیشنل سپلائرز پاکستان میں جہاں کہیں بھی کسٹمز بونڈڈ ویئر ہاوس میں پبلک میں خام تیل یا دیگر پٹرولیم مصنوعات رکھیں گے وہاں مقامی خریداری یا ری ایکسپورٹ کیلئے موجود خام تیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی بغیر فارم ایکسچینج کے انوینٹری رکھنے کی بھی اجازت ہوگی۔ مجوزہ رولز میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل آئل سپلائرز پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنی کی جس سبسڈیری کے ذریعے آپریٹ کرے گا اس سبسڈیری کا ایف بی آر کے پاس رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا اور پاکستان میں بینک اکاو¿نٹ ہونا بھی لازمی ہوگا جبکہ جو انٹرنیشنل سپلائرز پاکستان میں اپنا بزنس قائم کریں گے اگر وہ اپنا اسٹوریج رکھنا چاہیں گے تو اس کیلئے انہیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے سٹوریج لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔ مجوزہ رولز میں مزید بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی سپلائرز اکاو¿نٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے، مقامی سطح پر فروخت کرنے اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرنے کےلیے درآمد کی جانے والی پٹرولیم مصنوعات پر پوسٹ ڈیٹڈ چیک کی صورت میں سیکیورٹی اور ایشورٹی بونڈ بھی دینا ہوں گے اور اسیسنگ آفیسر کو پوسٹ ڈیٹڈ چیک کی صورت میں سیکیورٹی اور ایشورٹی بونڈ کو یقینی بنانا ہوگا۔
غیرملکی سپلائرز اکاونٹ پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمد ،فروخت کی اجازت کا فیصلہ

















