سکھ یاتریوں کےلئے ویزا کے حصول کو آسان بنائیں گے،محسن نقوی

لاہور،نارووال،گوجرانوالہ:(حسن نواز،چودھری توصیف احمد،خبر نگار،کرائم رپورٹر،خبر نگار) کئی برس پرانا پولیس کی رہائشگاہوں کی تعمیر کا منصوبہ صرف 41روز میں مکمل ، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قربان لائنز کا دورہ کیا اورپولیس کے اپارٹمنٹس ”ون لاہور“کا افتتاح کر دیا۔

قربان لائنز میں اپارٹمنٹس پولیس افسروں کو دینے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،مہمان خصوصی محسن نقوی نے اپارٹمنٹس کی چابیاں خوش نصیب پولیس افسروںکو دیں،اپارٹمنٹس کا دورہ کیا اور پولیس کی رہائشگاہوں کے معیار کی تعریف کی۔

تقریب سے خطاب ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہااپارٹمنٹس کے فنشنگ ورک کو اعلیٰ معیارسے مکمل کیا گیا، پولیس کی رہائشگاہو ںکے مسائل کاحل نہایت ضروری ہے، مختصر دورانیے میں پولیس کی فلاح کےلئے جتنا کام کرسکتے تھے کیا۔

دریں اثناوزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزرا ، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلیٰ افسروں کے ہمراہ کرتار پور کا دورہ کیا،گوردوارہ صاحب میں درشنی ڈیوڑی کے باہر سکھ برادری کی سرکردہ شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا ،پھول پیش کئے ۔

محسن نقوی نے گوردوارہ صاحب کا دورہ کیا ،بابا گرونانک دیو جی سے وابستہ مختلف اشیا دیکھیں،گوردوارہ صاحب کرتا رپور پر بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے گوردوارہ صاحب میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور تاریخی کنواں بھی دیکھا ،محسن نقوی کو سروپا پہنایا گیا اور کرپان پیش کی گئی،دہلی سے آئی خاتون لیلتا اگر وال ودیگر نے وزیراعلیٰ کو دیکھ کر خوشی کااظہار کیا ،سکھ برادری نے ساتھ تصویریں بنوائیں،محسن نقوی نے خصوصی فرد کےساتھ شفقت کااظہار کیا ،کافی دیر گفتگو کرتے رہے ،خصوصی طور پر لنگر ہال گئے اور سکھ برادری کےساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا ،کھانے کے معیار کی تعریف کی،کھانا بنانے والے افراد کواپنی جیب سے انعام بھی دیا۔

وزیراعلیٰ نے گوردوارہ صاحب کے انتظامات کو سراہا اور زیرو پوائنٹ بھی گئے،محسن نقوی نے کہا سکھ یاتریوں کےلئے بہترین سہولیات میسر کرنا ترجیح ہے،ویزا کے حصول کو آسان بنانا چاہتے ہیں،سکھ برادری کےلئے ویزا فری انٹری کےلئے کوشاں ہیں، چاہتے ہیں سکھ برادری بغیر کسی مشکل کے پاکستان آئے اور اپنے مقدس مقامات پر جائیں،پوری امید ہے وقت ضرور آئے گا۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے کئی برس سے زیر التوا گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کردیا،مختلف شعبوں ،وارڈز کا دورہ کرکے زیر علا ج مریضوں کی عیادت کی اوردستیاب طبی سہولتوں کا دریافت کیا،محسن نقوی نے کہا ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کےساتھ نامکمل ہسپتالو ں کو تیز رفتاری سے مکمل کرایا،گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں علاج معالجے کی جدید سہولتیں فراہم کردیں،علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال اور پی آئی سی کا 3گھنٹے طویل دورہ کرکے اپ گریڈیشن کاموں کا معائنہ کیااور تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کاحکم دےدیا۔