بجلی چوروں کیخلاف مہم ، 51 ہزار سے زائد ملزمان گھناﺅنے فعل میں ملوث، نادہندگان سے بھی ریکوریاں

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور148 روز سے جاری مہم کے دوران 51 ہزار 338ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 47 ہزار 500 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17ہزار466ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 11 لاکھ 54 ہزار633یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2ارب 75 کروڑ 47 لاکھ 87 ہزار 610روپے بنتی ہے ۔ ترجمان کے مطابق 24گھنٹوں میں 366 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،151 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن کے پانچوں اضلاع میں انسداد بجلی چوری مہم تیز کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایکسین شالیمار کی زیر نگرانی ایس ڈی او واہگہ سراج الدین کاکڑ نے علاقے کے مختلف دیہات میں چیکنگ آپریشن کیا،اس دوران دوگاگے، بسین، واگریا، کراکو اور بسمین کے علاقوں سے متعدد افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ پکڑے جانیوالے ملزمان میں میں گھریلو اور زرعی صارفین شامل تھے۔ تمام ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے تمام بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضے میں لے کر تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 2 لاکھ سے زائد یونٹس بھی چارج کیے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم شروع ہونے کے بعد بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے تاہم بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔ دوسری طرف بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ لیسکو حکام نے 143 روز سے جاری ریکوری مہم کے دوران مجموعی طور پر77291 ڈیفالٹرز سے سوا2ارب روپے سے زائد کی وصولی کی۔ مہم کے 143 ویں روز404ڈیفالٹرز سے8.94ملین کی وصولی کرلی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔