ڈسکہ، بجلی اور گیس مہنگی ہونے پر صنعتی یونٹس متبادل ایندھن جلانے پر مجبور

ڈسکہ:(محمد امین خان)ڈسکہ اور گردو نواح میں بجلی اور گیس مہنگی ہونے کے بعد متبادل ایندھن جلایا جانے لگا محکمہ ماحولیات کی غفلت کے باعث سیاہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کی چمنیاں بند نہ ہوسکیں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث متبادل اور غیر معیاری ایندھن استعمال کر نیوالی فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو گیا، ایسی فیکٹریوں کی چمنیاں فضا میں زہریلا دھواں چھوڑرہی ہیں۔

محکمہ ماحولیات کی غفلت و لاپرواہی کے باعث سیاہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کی چمنیاں بند نہ ہوسکیں۔ چند ماہ میں پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں ہونے والے غیر معمولی اضافے کے بعد صنعتی شہر سیالکوٹ اور ڈسکہ کی فضا مزید زہریلی ہو چکی ہے۔ سیالکوٹ وڈسکہ میں موجود سینکڑوں چھوٹی بڑی فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس نے بجلی گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد غیر معیاری ایندھن کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد فیکٹریاں غیر معیاری متبادل ایندھن استعمال کر رہی تھی مگر اب غیر معیاری ایندھن استعمال کر نیوالی فیکٹریوں کی شرح میں مزید اضافہ ہو چکا ہے جسکے باعث چمنیوں سے سیاہ دھواں نکلتا ہے جو ماحول کو آلود کرتا ہے فضائی آلودگی کے باعث صنعتی شہر کے مکین زہریلی فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔