باجوڑ،چمن،کوئٹہ،کیچ:(مشرق نیوز)با جوڑ،چمن میںفائرنگ،پی ٹی آئی امیدوار،اے این پی رہنما قتل،کوئٹہ ،کیچ میں پی پی امیدوار کے گھر، انتخابی دفتر پر حملے میں 5 کارکن زخمی ہوگئے۔
باجوڑ میںپی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوارریحان زیب خان صدیق آباد پھاٹک بازار مین چوک میں الیکشن مہم کیلئے جارہے تھے،نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا،ریحان زیب خان این اے 8 اور پی کے 22 سے امیدوار تھے،پولیس نے تحقیقات کاآغاز کردیا۔
ادھر چمن میں قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میںعوامی نیشنل پارٹی کے دفتر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق ،ایک کارکن زخمی ہوگیا،اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے پارٹی دفتر پرحملے کو کھلی دہشتگردی قراردےدیا،امیدوار پی بی 50 زمرک اچکزئی نے کہاپارٹی کارکن میزئی اڈہ میں پارٹی کے جھنڈے لگا رہے تھے مخالفین نے اندھادھند فائرنگ کردی۔
دریں اثنا سریاب روڈگاہی خان چوک کے قریب پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر علی مد د جتک کے انتخابی دفتر پر موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے ،ا نتخابی دفتر کے باہر موجود 5 کارکن زخمی ہوگئے ،3گاڑیوں کو نقصان پہنچا،کیچ کے علاقے بلیدہ میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار ظہور بلیدی کے گھر پردستی بم حملہ کیا گیا،بم گھر کے اندر گر کر پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر سبی کے علاقے ریذیڈینسی روڈ پر بم حملے میں ٹریفک پولیس کی چوکی کو نقصان پہنچاتاہم معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پی ٹی آئی امیدوار،اے این پی رہنما قتل،پی پی امیدوار کے گھر،دفتر پرحملہ،5کارکن زخمی

















