ملک میں موجودہ بدحالی اور غربت کی ذمہ دار صرف مسلم لیگ (ن) ہے :رانا فاروق سعید/ شرجیل میمن

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ ملک میں تمام بد حالی کی ذمہ دار ایک جماعت مسلم لیگ (ن) ہے جو سیمنٹ ، کھاد ،شوگر کے کارخانے بیج کر کھا گئی۔وہ پیپلز سیکرٹریٹ میں ذوالفقار علی بدر،رانا جواد،فائزہ ملک اور نیلم جبار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ عوام سے اپیل ہے کہ 21جنوری کو بھٹو کے نواسے بلاول کے جلسے میں شرکت کیلئے نکلیں ۔پیپلز پارٹی نے سندھ میں صحت کی جو سہولیات فراہم کی وہ پورے ملک میں کہیں نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے شوکت خانم بناتے وقت کہا تھا کہ فری علاج ہو گا لیکن آج لاکھوں روپے لے رہے ہیں۔ دریں اثناءپیپلز پارٹی کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب میں انتظامیہ ہمارے فلیکس اور بینرز اتار رہی ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے ، مسلم لیگ (ن) ہمارے منصوبوں کا کریڈٹ لیتی ہے، سب جانتے ہیں کہ علاج کیلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کہاں جاتی ہے ۔ وہ پیپلز سیکرٹریٹ میں ذوالفقار علی بدر،فیاض بھٹی،نیلم جبار اور نایاب جان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن کی تیاریاں کر رہی ہے،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ملک بھر میں جلسے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیشتر جماعتیں الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں ،پنجاب کے لوگ مسلم لیگ (ن) سے تنگ آ چکے ہیں ۔افسوس کی بات ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں کوئی بھی اچھا ہسپتال نہیں بنا سکی۔ مسلم لیگ (ن) ،پیپلز پارٹی کے منصوبوں کو اپنے حصے میں ڈالنے کی کوشش کرتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) ہو یا پی ٹی آئی صحت کے لئے کسی نے کام نہیں کیااسی لیے مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ علاج کیلئے باہر جاتے ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 10 نکاتی ایجنڈا مسائل سے نجات کیلئے ہے، پی ٹی آئی اور ن لیگ کا بیانیہ یا تو اقتدار ہے یا انتقام، پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا ایجنڈا عوام کی فلاح ہے، لاہور میں پیپلزپارٹی کے پینا فلیکس اتار کر مسلم لیگ (ن) کے لگائے گئے، چیف الیکشن کمشنر، صوبائی الیکشن کمشنر پینا فلیکس اتارنے کے واقعے کا نوٹس لیں۔انہوںنے کہا کہ21جنوری کو بلاول بھٹو لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کر یں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی واحد لیڈر ہیں جو چاہتے ہیں کہ الیکشن ہوں ،باقی تمام جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں اوراس بار لگتا ہے لوگ (ن) لیگ سے سخت نفرت کر رہے ہیں پنجاب کے لوگ بیزار ہیں انکے طرز حکمرانی سے تنگ آ چکے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ ہم پاکستان کو آئین دینے والی پارٹی ہیں، پیپلز پارٹی سنجیدہ سیاست کر رہی ہے،پیپلز پارٹی صرف آئین و قانون پر یقین رکھتی ہے،اوچھے ہتھکنڈے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ہارٹ اٹیک ہوا تو میں سندھ کے سرکاری ہسپتال گیا تھا سٹنٹ ڈالے گئے، کیا مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سرکاری ہسپتال میں اپنا علاج کرا سکتی ہے، نواز شریف ملک میں نہ معاہدے کے بغیر آتے ہیں نہ جاتے ہیں، وہ کسی بھی چور دروازے سے حکومت میں نہیں آسکتے، پیپلز پارٹی اکثریت میں آئیگی، مسلم لیگ (ن) نے اتحادی حکومت میں شامل ہونے کی درخواست کی تو غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی سے بلا چھینے جانے کی کوئی حمایت نہیں کی۔