جتنی بجلی کم استعمال اتنی قیمت بڑھے گی، نیپرا ،اوور بلنگ شکایات پرکمپنیوں کو شوکاز نوٹس

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نیپرا نے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہاہے جتنی بجلی کم استعمال ہوگی اتنی قیمت بڑھے گی۔

نیپرا نے نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4.66روپے یونٹ مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی،ڈیٹا کے مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کیاجائےگا، من و عن اضافے کا سیلز ٹیکس سمیت بجلی صارفین پر 40 ارب اضافی بوجھ پڑے گا،دوران سماعت این ٹی ڈی سی نے کہا بجلی کمپنیاں اپنے مرمتی کاموں کے باعث لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں۔

سی پی پی اے حکام نے کہا بجلی کی قیمت میں رواں ماہ 2 روپے 12 پیسے کی سابق ایڈجسٹمنٹ مانگی ہیں، مقامی کوئلے والے پلانٹس شیڈولڈ مینٹیننس پر ہیں ،صرف فرنس آئل والے پلانٹس سے بجلی پیدا کر رہے ہیں،چیئرمین نیپرا نے کہا ریفرنس کے مقابلے میں بجلی کی طلب کم ہو تو قیمت بڑھ جاتی ہے، گروتھ میں 13 فیصد کمی سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ بڑھے گی۔

ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا پلانٹس کی بندش پرکوئی منصوبہ بندی نہیں کرسکتے، اووربلنگ کے معاملے پر بجلی کمپنیوں سے وضاحت مانگ لی ، بجلی صارفین کو مکمل ریلیف دلائیں گے اور اووربلنگ پراپنا کام جاری رکھیں گے،ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا نے کہا جتنا بجلی کا استعمال کم ہوگا اتنی ہی قیمت بڑھے گی۔

دریں اثنانیپرا نے ملک بھر میں جولائی ،اگست کے دوران صارفین سے اووربلنگ کے معاملے پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کو شوکاز نوٹس جاری کرکے15 روز میں وضاحت طلب کرلی،نیپرا نے کہا اتھارٹی کی جانب سے مختلف شکایات موصول ہونے پر نوٹس لیا گیا، جولائی ،اگست میں میٹر ریڈنگ ہوئی؟ نہیں ہوئی؟ یا درست نہیں کی گئی، میٹر ریڈنگ کے درست نہ ہونے سے سلیب میں تبدیلی ہوئی؟،سب سوالوں کے جوابات طلب مانگ لیے،نیپرا قانون کے مطابق ڈسکوز پر کارروائی،جرمانہ کرسکتا ہے،ڈسکوز کی اووربلنگ ثابت ہوئی تو صارفین کو واپسی کرنا ہوگی۔