عمران ،بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ کا ایک اور ریفرنس دائر،سائفر کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نیب نے عمران،بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ کاایک اور ریفرنس دائر کردیا۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں 2 ملزموں کے نام شامل ہیں، نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے تفتیشی افسر محسن ہارون ،تفتیشی افسر وقارالحسن کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا،احتساب عدالت اسلام آباد کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کر دی۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے سائفر کیس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا،درخواست میں استدعا کی گئی سائفر کیس میں اب تک کی کارروائی غیر قانونی قرار دےکر بری کیا جائے،23 نومبر سے اب تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی غیرقانونی و انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، 12دسمبر کو ٹرائل کورٹ نے سائفر کیس کےخلاف درخواست کو مسترد کیا۔

بانی ٹی آئی نے موقف اختیار کیاٹرائل کورٹ کے جج نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13 (2) (3) میں لفظ شکایت کی درست تشریح نہیں کی، قانون میں لفظ شکایت کی تشریح واضح ہے، پولیس افسر کی رپورٹ کا ذکر نہیں،کرمنل پروسیجر کی دفعہ 4 (h) میں بھی لفظ شکایت کو واضح کیا گیا ، قانون کے مطابق شکایات کا مطلب کسی الزام پر مجسٹریٹ کے روبرو زبانی یا تحریری استدعا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف زیر سماعت سائفر کیس ایف آئی آر ، پولیس رپورٹ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے،آفیشل سیکرٹ ایکٹ سپیشل قانون ہے جو عام قانون سے مختلف ہے، سپیشل لا ہونے کی وجہ سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق کرتے ہوئے قانونی طریقے کار اپنانا ضروری ہے۔

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی کےخلاف 6 مقدمات کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی گئی ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں درخواست ضمانت پر سماعت کے دور ان بیرسٹر سلمان صفدر کے معاون وکیل سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے ، معاون وکیل نے کہاسلمان صفدر لاہور میں مصروف ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے،پولیس نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا۔

علاوہ ازیں عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کےخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مو¿خر کردی گئی،اڈیالہ جیل میں ممبرالیکشن کمیشن نثار درانی نے کیس پر سماعت کی،کیس کی مزید سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔