لاہور،اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 5 سالہ نااہلی کےخلاف درخواست کو سماعت کےلئے لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کو بھیج دیا گیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کےخلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو بانی پی ٹی آئی کو 5 سال کےلئے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو انتخابات سے باہر کرنے کےلئے غیر قانونی اقدام کیا،دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے اور درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی عدالت 5 برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے،بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کےلئے لارجر بنچ کو بھجوا دی دوسری جانب سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کےخلاف دوران عدت نکاح کیس میں درخواست گزار کے وکیل کی ثبوت پیش کرنے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کر لی گئی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کےخلاف دوران عدت نکاح کیس کی سماعت ہوئی، سینئرسول جج قدرت اللہ نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کرنے کیلئے مہلت مانگ لی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وکیل درخواست گزار کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی۔
عمران کی نااہلی کیخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کو ارسال



















