کراچی،اسلام آباد (بیورورپورٹ)سٹاک ایکسچینج میں 800 پوائنٹس کا اضافہ ، ایک ارب 31 کروڑ شیئرز کے سودے طے،پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ورز بھی کاروبار کا مثبت رجحان رہا،سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 800 پوائنٹس اضافے سے 64 ہزار 718 پر بند ہوا ، 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 64 ہزار 958 رہی،بازار میں ایک ارب 31 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔
ادھر ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 800 اضافے کے بعد 2 لاکھ 18 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے،ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 685 روپے کا اضافہ ہوا۔
دوسری جانب پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے،سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر2 پیسے سستا ہوا، انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کا بھاو¿ 284 روپے 12 پیسے ہو گیا ۔
دریں اثنا سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونےوالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے ایک ہفتے کے دوران سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر میں 23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی کمی ہوئی ہے،ترجمان سٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی جس میں یکم دسمبر تک کے اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق یکم دسمبر کو سرکاری ذخائر کی مالیت 23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی کمی کے بعد 7 ارب 2 کروڑ اور دو لاکھ روپے پر پہنچ گئی، کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 8 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں،رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 12 ارب 10 کروڑ 71 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی ۔
سٹاک مارکیٹ مزید بلند ،انڈیکس میں 800پوائنٹس اضافہ

















