گیٹ نمبر 4کی سیاست نہیں آتی،عوام پر بھروسہ،ملک کی قسمت بدلیں گے،بلاول

شانگلہ(نمائندہ مشرق)سابق وزیرخارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے پرانے سیاستدانوں کو عوام کے اصل مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں، صرف عوام پربھروسہ ہے ،گیٹ نمبر 4،گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی نہ کسی اور کی طرف دیکھنا چاہتا ہوں، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں،مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں ،غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے،میرا ملک مشکل میں ہے، آئیں میرا ساتھ دیں، ملک کی قسمت بدل دیں گے،پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں گے، یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو روزگار ملنے میں آسانی ہو گی۔

پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہیں اور دیکھوں گا نہ کسی سے مدد مانگوں گا تاہم عوام سے مدد مانگتا ہوں،پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ماضی میں بھی آپ کو مشکلات سے نکالا، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا ایک طرف سیاست تقسیم کا شکار ہے، دوسری طرف معاشی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں، میرا ملک مشکل میں ہے، آئیں میرا ساتھ دیں، تمام سیاستدان کو قریب سے دیکھا ،انہوںنے کہا اشرافیہ کی ترقی کی بات نہیں ہونی چاہیے، کوئی اور سیاسی جماعت اور سیاستدان نہیں جس کے ہاتھ صاف ہوں، 18 مہینے وزیر خارجہ رہا، میرے ہاتھ صاف ہیں، میں اپنی جیب بھرنے کی بجائے آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخواہ دگنی کریں گے،روزگار دینے کا وعدہ ہر سیاستدان کرتا ہے لیکن پیپلز پارٹی کا ریکارڈ ہے اور کر کے دکھایا۔

بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں گے، یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو روزگار ملنے میں آسانی ہو گی، یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو انٹرن شپ دلوائیں گے، اگر کوئی نوجوان ہنر سیکھنا چاہتا ہے تو یوتھ کارڈ استعمال کر سکتا ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا خواتین کی خدمت ایسے کرنا چاہتا ہوں جیسے کوئی بیٹا اپنی ماں کی خدمت کرتا ہے،قائد عوام، شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کا نامکمل مشن مکمل کریں گے، دیگر کو نفرت، تقسیم کی سیاست کرنے دیں، 8 فروری کو الیکشن ہے، کارکن ہر گھر پر میرا منشور پہنچائیں۔