لیسکو کی نادہندگان کیخلاف مہم جاری، ایک کروڑ سے زائد وصولی ،24 دکانوں میں بجلی چوری پکڑ لی

لاہور (خبرنگار) لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کیخلاف مہم بھی زوروشور جاری ہے۔ اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 84 روز سے جاری مہم کے دوران48739ڈیفالٹرز سے ایک ارب52 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نادرن سرکل میں6249 نادہندگان سے192.08 ملین روپے، ایسٹرن سرکل میں6275 نادہندگان سے366.14ملین کی ریکوری کی گئی۔ سینٹرل سرکل میں 5833نا دہندگان سے205.14 ملین اور ساتھ سرکل میں2533 نا دہندگان سے80.30 ملین کی ریکوری کی گئی۔ ننکانہ سرکل میں4544 نادہندگان سے109.91 ملین اور شیخوپورہ سرکل میں5648 نادہندگان سے233.65 ملین کی ریکوری کی گئی، اوکاڑہ سرکل میں7504 نادہندگان سے95.76 ملین جبکہ قصور سرکل میں 10153 نا دہندگان سے238.40 ملین کی ریکوری کی گئی۔ مہم کے84 ویں روز536 نا دہندگان سے ایک کروڑروپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔ دوسری طرف ترجمان لیسکو کے مطابق ایس ڈی او رائل پارک عرفان اپنی ٹیم کے ہمراہ ریلوے سٹیشن سے ملحقہ علاقوں میں چیکنگ آپریشن کر رہے تھے ۔ دوران آپریشن سائبان ہوٹل کو چیک کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ ہوٹل کا مالک لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگاکر بجلی چوری کر رہا ہے ،ملزم نے بجلی چوری کرکے محکمے کو ساڑھے 3 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ لیسکو حکام نے چوری میں استعمال ہونیوالی تار کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف تھانہ نولکھا میںدرخواست دائر کردی ہے ۔ جس میں ملزم کے خلاف بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے علاوہ محکمے کو پہنچنے والا نقصان بھی پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ دریں اثناءلیسکو کی میکلوڈ روڈ ڈویژن کے حکام نے چشمان مارکیٹ میں سرچ آپریشن کیا ، دوران آپریشن میٹروں کو بھی چیک کیا گیا ، اس دوران ایک تھری فیز میٹر مشکوک پایا گیا مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ میٹر کا سوفٹ ویئر بریچ کرکے بجلی چوری کی جارہی ہے ۔ چوری کی بجلی مارکیٹ میں موجود 24دکانوں کو سپلائی کی جارہی تھی جس کی وجہ سے ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا ۔ لیسکو حکام نے میٹر کو قبضے میں لیکر ملزمان کے خلا ف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کروا دیا ہے ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 42121یونٹس بھی چارج کئے گئے ہیں۔