نارووال(حسن نواز سے ) آج کا دور تعلیم کا دور ہے، مقابلے کا دور ہے یہ دنیا جس میں ہم داخل ہو چکے ہیں اس میں مقابلہ افراد کے درمیان نہیں بلکہ ممالک کے درمیان ہے، نارووال کے بچوں کا مقابلہ لاہور، کراچی اور سیالکوٹ کے بچوں سے نہیں بلکہ دنیا کی اس گلوبل اکانومی میں نوجوانوں کا مقابلہ دیگر ممالک کے نوجوانوں سے ہے اس لئے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اگر ہم نے کامیاب ہوناہے تو تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے صلاحیتیں حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال سابق وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے نارووال کے نجی تعلیمی ادارے سٹی ماڈل ہائی سکول کی سلور جوبلی (25) تقریب کے دوران کیا۔
احسن اقبال نے تقریب میں سکول ہذا سے گذشتہ 25 سالوں کے دوران 100 سے زائد ڈاکٹر، انجینئر اور اعلی عہدوں پر فائز طلبا و طالبات کو انعامات سے نوازا اور سکول انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی۔ تقریب میں خطاب کے دوران احسن اقبال نے مزید کہا آج فلسطین پر جو ظلم ہو رہا ہے پوری امت مسلمہ صرف بیانات کی حد تک ان کا ساتھ دے رہے ہیں کیونکہ ہم ہر شعبہ میں ان ممالک سے پیچھے ہیں اب پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے صرف نوجوان ہیں کہ وہ اعلی تعلیم حاصل کرنے کےساتھ ساتھ دنیا میں نئی ایجادات اور تحقیق کا مطالعہ جاری رکھیں پھر ہم دنیا کا مقابلہ کر سکیں گے، سلور جوبلی کی تقریب کے دوران ڈاکٹر، انجینئر کےساتھ ان کے والدین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے، تقریب میں سابق ایم پی اے خواجہ وسیم بٹ، سابق چیئرمین بلدیہ شہزادہ اظہر الحسن کے علاوہ پرنسپل کامرس کالج فیصل، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر افضال احمد، سینئر ڈاکٹر خلیل احمد کے علاوہ سماجی شخصیات بھی شریک تھیں۔
نوجوان نئی ایجادات و تحقیق کا مطالعہ جاری رکھیں، تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہو گی،احسن اقبال

















