نئی دہلی (مشرق نیوز) مودی سرکار کے ہاتھوں قتل سے بال بال بچنے والے خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ بھارت انہیں ہر صورت قتل کرنے کے درپے ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے قتل کی سازش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات دراصل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر فردجرم ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش بھارتی حکومت نے کی تھی، میرے قتل سے بھی خالصتان تحریک ختم نہیں کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قتل کی سازش کی باتیں امریکہ اور کینیڈا کیلئے نئی ہوں گی لیکن حق خودارادیت کی تحریک چلانے والوں کیلئے قتل کی سازش حیران کن نہیں۔گرپتونت سنگھ پنوں نے یہ بھی کہا کہ میں نکھل گپتا کو جانتا ہوں اور نہ قتل کی سازش کرنے والے بھارتی اہلکار کو، میں موت سے نہیں ڈرتا، آزادی کی تحریک چلاتا رہونگا۔ خالصتان تحریک کے رہنما کا مزید کہنا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ خالصتان کے حامیوں کو دہشت گرد قرار دیا جائے۔
بھارت مجھے ہر صورت قتل کرنے کے درپے ہے: گرپتونت سنگھ پنوں
















