اسلام آباد (بیورورپورٹ) توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران،فواد،اسدعمر پر فرد جرم موخر کردی گئی۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی،فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری ،چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر کے وکیل شعیب شاہین کمیشن کے سامنے پیش ہوئے،وکیل شعیب شاہین نے کہا الیکشن کمیشن کی چیئرمین پی ٹی آئی کے معاملے پرآرڈر کی کاپی نہیں ملی،ممبر کمیشن نثار درانی نے کہا وزارت قانون نے رپورٹ دی حالات ایسے نہیں چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کیا جائے، کمیشن کو کہا گیا جیل میں سماعت کیلئے جا سکتے ہیں،وکیل نے کہاجواب کیلئے رپورٹ کی کاپی چاہیے اگر رپورٹ خفیہ نہیں تو فراہم کی جائے تاکہ جواب دیں،نثار درانی نے کہا رپورٹ کی کاپی آپ کو فراہم کر دیتے ہیں، توہین الیکشن کمیشن کا کیس ہے ڈیڑھ سال گزر گیا، چارج فریم کرنا ہے کہیں بھی کر سکتے ہیں، مسئلہ چارج فریم کا ہے۔
وکیل شعیب شاہین نے کہا سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کا جیل ٹرائل سے منفی پیغام جاتا ہے،ممبر بلوچستان شاہ جتوئی نے کہا ملزم نہیں قانون کو دیکھنا ہے، ایسی باتیں کمیشن کے سامنے نہ کریں،وکیل شعیب شاہین نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو جان بوجھ کر لانا نہیں چاہتے،ممبر بلوچستان نے کہا پہلے آپ نہیں آتے تھے اب وہ پیش نہیں کر رہے، سابق وزیراعظم کو اڈیالہ جیل سے لانے کا رسک کیوں لیں، اپنی فورس ہوتی تو بہت کچھ کرتے،وکیل شعیب شاہین نے کہا الیکشن کمیشن بااختیار آئینی ادارہ ہے،ممبر کمیشن نثار درانی نے کہا پہلے آپ اسی ادارے کے خلاف باتیں اور توہین کر رہے تھے۔
دوسری جانب سابق وزیر اسد عمر نے اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا،اسد عمر نے کہا وکیل انور منصور بیمار ہیں ،ممبر کمیشن نے اسد عمر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کبھی آپ نہیں آتے کبھی وکیل نہیں آتا،اسد عمر نے کہا میں تو سب سے زیادہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوا ہوں، سیاست بھی چھوڑ چکا ہوں،ممبر کمیشن نے اسد عمر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ سیاست کریں، اسد عمر نے کہا آپ کا بہت شکریہ لیکن سیاست چھوڑ دی ،ممبر کمیشن نے کہا اسد عمر کے معاملے پر آرڈر کرتے ہیں،فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہمارا تو سکیورٹی کا مسئلہ نہیں پھربھی پیش نہیں کیا جا رہا،ممبر کمیشن نے وکیل فیصل چودھری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آرڈر کرتے ہیں،بعدازاں کیس کی مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
توہین الیکشن کمیشن کیس ،عمران،فواد،اسدعمر پر فرد جرم موخر

















